جرائم و حادثات

   

بنڈلہ گوڑہ میں خوفناک سڑک حادثہ ، نئی دلہن ہلاک
حیدرآباد ۔ 15 مئی ۔ (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ بنڈلہ گوڑہ میں پیش آئے ایک سڑک حادثہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی جہاں اس خوفناک حادثہ میں نوبیاہتا خاتون ہلاک ہوگئی اور شوہر کے بشمول دیگر افراد زخمی ہوگئے ۔ جائے حادثہ پر دلخراش مناظر اور شوہر کی بیہوشی دیکھ کر مقامی عوام برہم ہوگئے اور رات دیر گئے شدید احتجاج کیا ۔ راہگیروں نے بھی اس خوفناک حادثہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے ارباب مجاز کو اس حادثہ کا ذمہ دار ٹھہرایا ۔ اس حادثہ کی اصل وجہ مقامی عوام نے یو ٹرن کو بتایا ۔ ہاشم آباد کے علاقہ میں پیش آئے اس حادثہ کی اطلاع اور اس میں نوبیاہتا کی ہلاکت نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ۔ مقامی عوام نے بارہا توجہہ دلانے کے باوجود ارباب مجاز کی لاپرواہی کو حادثات کا ذمہ د ار ٹھہرایا اورکہا کہ اس یو ٹرن کے خطرناک نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ ٹرافک پولیس صرف چالانات پر توجہہ دیتی ہے بلکہ ٹرافک مسائل حادثات کا تدارک اور حادثہ کی وجوہات کو حل کرنے پر کوئی توجہہ نہیں دی جاتی ۔ کل رات 20 سالہ فاطمہ بیگم اپنے شوہر عامر کے ہمراہ موٹر سیکل پر تقریب میں شرکت کے بعد واپس ہورہی تھی کہ ہاشم آباد کے علاقہ میں لاری کی ٹکر سے ہلاک ہوگئی ۔ عامر اور فاطمہ بیگم جو نوری نگر کے ساکنان تھے اُن کے ہمراہ اُن کے رشتہ دار بچے ایک 10 سال کا لڑکا اور ایک 8 سالہ لڑکی بھی تھے ۔ حادثہ کے بعد جیسے ہی لاری نے اُن کی ایکٹیوا کو ٹکر دی عامر اور بچے ڈیوائیڈر پر گرکر زخمی ہوگئے اور فاطمہ بیگم لاری کی زد میں آگئی ۔ انسپکٹر بنڈلہ گوڑہ آر دیویندر نے یہ بات بتائی ۔ انھوں نے بتایاکہ لاری کو ضبط کرلیا گیا ہے ۔ ع

نامپلی ریلوے اسٹیشن پر جئے پور ایکسپریس میں آگ بھڑکنے سے سنسنی
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : نامپلی ریلوے اسٹیشن میں آج رات اس وقت سنسنی پیدا ہوگئی جب ٹرین میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جئے پور ایکسپریس میں اس وقت اچانک آگ بھڑک اٹھی جب مسافرین ٹرین میں سفر کی تیاری کررہے تھے ۔ تقریبا ساڑھے سات بجے یہ حادثہ پلیٹ فارم نمبر 4 پر پیش آیا اور دو کوچ جل کر خاکستر ہوگئے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق آگ لگنے کے فوری بعد ریلوے پولیس جو چوکس تھی فوری مسافرین کو بچالیا اور بحفاظت محفوظ مقام پر پہونچایا اور حیدرآباد جئے پور ایکسپریس کے کوچیس کا محاصرہ کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ دوپہر تقریبا تین بجے سے ٹرین میں اے سی کھلا ہوا تھا جس کے سبب اے سی میں شاک سرکٹ کے سبب حادثہ ہوا ۔۔ ع m/b

کاچی گوڑہ پولیس نے اقدام خود کشی کرنے والے شخص کو بچالیا
حیدرآباد : /15 مئی (سیاست نیوز)کاچی گوڑہ پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریلوے اسٹیشن پر خودکشی کی کوشش کرنے والے 33 سالہ شخص کی جان بچائی ۔ تفصیلات کے مطابق /14 مئی کو کاچی گوڑہ پولیس کو کنٹرول روم سے ایک کال موصول ہوا جس میں یہ بتایا گیا کہ ایک شخص کاچی گوڑہ ریلوے پٹریوں پر خودکشی کی کوشش کررہا ہے ۔ اس اطلاع پر پولیس کاچی گوڑہ کی پٹرولنگ پارٹی اور دیگر عملہ وہاں پہنچ گیا اور یہ دیکھا کہ ایک شخص ریلوے پٹریوں پر لیٹا ہوا ہے اور وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کے روبرو خودکشی کی کوشش کررہا ہے ۔ پولیس نے عین وقت مداخلت کرتے ہوئے 33 سالہ مادھو جس کا تعلق بیدر کرناٹک سے ہے اور پیشہ سے کاشتکار ہے ۔ وہ چند مہینوں سے ملک پیٹ چادر گھاٹ علاقہ میں اپنی ماں اور بہن کے ساتھ مقیم ہے ۔ گھریلو تنازعات کے نتیجہ میں اس نے حالت نشہ میں خودکشی کا ارادہ کیا جس نے پولیس کو ناکام بنادیا ۔ ب y/

میاں پور میں نوجوان کی مشتبہ موت
حیدرآباد : 15 مئی ( سیاست نیوز) میاں پور کے علاقہ میں ایک نوجوان کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا ۔ جناردھن جو سی ۔ اے کا طالب علم تھا ، اس نے اپنے کمرے میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ جناردھن کی عمر تقریباً 30سال بتائی گئی ہے جو ضلع کرنول سے تعلق رکھتا تھا اور یہاں گوگل پلاٹس میاں پور میں رہتا تھا ۔ میاں پور پولیس نے جناردھن کے والدین کی اطلاع پر مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سی ۔اے طالب علم کے مکان میں دیواروں پر خون کے دھبہ اور نشانات پائے گئے اور والدین کا کہنا ہے کہ ان کا لڑکا بزدل نہیں تھا کہ وہ خودکشی جیسا اقدام کرے ۔ انہوں نے بیٹے کی خودکشی پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ع

پسند سے شادی کرنے والا شوہر بیوی سے دھوکہ کا شکار
حیدرآباد : 15 مئی ( سیاست نیوز) اپنی پسند سے شادی کرنے والے ایک نوجوان کو بیوی نے دھوکہ دیا ۔ اولاد کو فروخت کرنے کے بعد بیوی نے کسی اور سے شادی کرلی ۔ اس بات سے شدید دلبرداشتہ شخص نے خودکشی کرلی ۔ تاہم اس بات کا انکشاف اس وقت ہوا جب خودکشی کرنے والے شخص کی سیلفی ویڈیو منظر عام پر آئی ۔ تفصیلات کے مطابق کوئیڈا سے تعلق رکھنے والے گووردھن اور سریتا نے چار سال قبل اپنی پسند سے شادی کی تھی ، ان کا ایک لڑکا بھی ہے ۔ چند روز سے میاں بیوی کے درمیان نااتفاقی پیدا ہوگئی اور سریتا گووردھن سے دور رہنے لگی ۔ اس دوران سریتا نے کسی اور کو پسند کرلیا ۔ ع

اپنے دوسرے رشتہ میں اولاد کو رکاوٹ تصور کرتے ہوئے شوہر کو اطلاع دیئے بغیر اولاد کو فروخت کرنے کے بعد خاتون نے کسی اور سے شادی کرلی ۔ اس بات کی اطلاع کے بعد شوہر شدید دلبرداشتہ ہوگیا اور اس نے سیلفی ویڈیو ریکارڈ کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ اس سیلفی ویڈیو میں گووردھن نے اپنے والدین سے درخواست کی کہ وہ اس کی بیوی کو نہ چھوڑیں ۔ اس سلسلہ میں پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع