رہزنی کی واردات میں ملوث آرمی ملازم گرفتار
حیدرآباد۔ 14 مئی (سیاست نیوز) نریڈمیڈ پولیس نے رہزنی کی واردات میں ملوث ایک آرمی ملازم کو گرفتار کرلیا۔ لائنس نائیک ریڈی شیکھر کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ یہ بات وینکٹ اسسٹنٹ کمشنر پولیس ملکاجگری نے بتائی۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ ریڈی شیکھر ترملگری میں لائنس نائیک کے عہدہ پر فائز ہے۔ قرض اور کرکٹ کی لعنت نے اس کو رہزن بنادیا۔ اس نے 10 مئی کو نریڈمیڈ حدود میں ایک خاتون کے گلے سے طلائی چین کا سرقہ کیا تھا اور فرضی نمبر پلیٹ کی موٹر سائیکل پر گھوم رہا تھا۔ پولیس کارروائی سے بچنے کیلئے اپنی موٹر سائیکل پر فرضی نمبر پلیٹ لگالی تھی تاہم واردات کے بعد پولیس نے 50 سے زائد کیمروں کی جانچ کی اور پھر ریڈی شیکھر کو گرفتار کرلیا۔عJM
مدھورا نگر میں خاتون کی مشتبہ موت سے سنسنی
حیدرآباد۔ 14 مئی (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ مدھورا نگر میں ایک خاتون کی مشتبہ موت کے بعد سنسنی پیدا ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ ہریکا علاقہ کے لیڈیز ہاسپٹل میں رہتی تھی۔ مدھورا نگر پولیس نے اطلاع کے بعد ہاسپٹل پہنچ کر ضابطہ کی کارروائی کو انجام دیا اور مقدمہ درج کرلیا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ ہریکا دو دن قبل فوت ہوگئی تھی۔ اس کی نعش اور موقع واردات سے پولیس نے اس بات کا شبہ ظاہر کیا تاہم قتل جیسے کوئی شواہد موقع سے دستیاب نہیں ہوئے۔ ہریکا علاقہ کے بھارگوی لیڈیز ہاسٹل کی بالائی منزل پر اکیلی رہتی تھی جو باتھ روم میں مشتبہ حالت میں مردہ پائی گئی۔ اس خاتون کا تعلق ریاست آندھرا پردیش کے گنٹور سے بتایا گیا ہے۔ عJM
حیات نگر میں آتشزدگی ،دکانات جل کر خاکستر
حیدرآباد۔ 14 مئی (سیاست نیوز) حیات نگر کے علاقہ میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں دوکانات جل کر خاکستر ہوگئیں۔ اس حادثہ میں جو ایک الیکٹریکل ہارڈویر کی دوکان میں پیش آیا۔ آگ نے دوسری دوکانات اور موٹر سائیکل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ بھڑکنے میں مددگار اشیاء کی موجودگی کے سبب آتش فرو عملہ کو آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ اس دوران علاقہ کے عوام اس منظر کو دیکھنے اور منظرکشی میں مصروف رہے۔ الیکٹریکل ہارڈویر میں برقی شاک لگنے سے حادثہ پیش آیا اور آگ نے دوسری دکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔عJM
منشیات منتقلی کا ریاکٹ بے نقاب ، 2 افراد گرفتار
حیدرآباد۔ 14 مئی (سیاست نیوز) محکمہ آبکاری کی اسپیشل ٹاسک فورس نے منشیات کے ایک ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا اور دو افراد کو گرفتار کرلیا جو بنگلورو سے منشیات کو حیدرآباد منتقل کرتے ہوئے انہیں فروخت کررہے تھے۔ ایس ٹی ایف اکسائز نے ان افراد کے قبضہ سے او جی کش ، ایم ڈی ایم اے اور چرس کو ضبط کرلیا۔ ایس ٹی ایف کے مطابق دولت مند افراد اور اثرورسوخ رکھنے والوں میں ان منشیات کو سپلائی کیا جارہا تھا۔ ایس ٹی ایف کے مطابق 36 گرام اور جی کش 3 گرام ، ایم ڈی ایم اے اور 7 گرام چرس کے علاوہ ایک کار کو بھی ضبط کرلیا گیا۔عJM