پیرس : جرمن چانسلر اولاف شولز اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے پیر کی شام پیرس میں ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد یوکرین کے بحران میں آئندہ کی حکمت عملی اور حالات سے نمٹنے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ فرانسیسی صدارتی محل سے موصولہ خبروں کے مطابق دونوں ممالک کے رہنماؤں نے توانائی کے بحران، یورپی دفاع اور اسٹرٹیجک اہمیت کے حامل خام مال جیسے شعبوں میں یورپ کی آزادی کے بارے میں مشورے کیے۔ جرمن چانسلر پچھلے چند دنوں کے دوران تین بین الاقوامی سربراہی اجلاسوں میں فرانسیسی صدر میکرون سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔ جرمن چانسلر نے بہت سے اہم معاملات پر فرانسیسی صدر کے ساتھ قریبی مشاورت کو بہت اہم اور سود مند بھی قرار دیا۔