نئی دہلی: حکومت نے آج کہا کہ اسے صحافیوں کی فلاح و بہبود کی اسکیموں کا جائزہ لینے کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کی رپورٹ موصول ہوئی ہے اور اس پر غور کیا جا رہا ہے ۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مروگن نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ صحافی بہبود کی اسکیموں کا جائزہ لینے کے لیے گذشتہ ستمبر میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ اس کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کر دی ہے اور یہ زیر غور ہے ۔ صحافیوں کی بہبود سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزارت کو کورونا سے متاثرہ صحافیوں کے اہل خانہ کی جانب سے مالی امداد کے لیے 123 تجاویز موصول ہوئی تھیں اور ان سب کو قبول کرنے کے بعد 6 کروڑ 15 لاکھ روپے کی رقم جاری کر دی گئی ہے ۔