جس نے وقت کی قدر کی اس نے منزل پالی

   

شاداں فارمیسی کالج کا اورینٹیشن ڈے ، جونیر وزارت رسول خاں کا خطاب
حیدرآباد۔ 7؍دسمبر۔ ( پریس نوٹ ) ۔ شاداں کالج آف فارمیسی کے اورینٹیشن پروگرام میں جونیئر محمد وزارت رسول خاں نے اپنی تقریر، اپنے خیالات، اپنے عزائم سے شاداں گروپ آف ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس ڈاکٹر محمد وزارت رسول خاں مرحوم کی یاد تازہ کردی۔ جونیئر محمد وزارت رسول خاں موجودہ چیرمین جناب محمد شاہ عالم رسول خاں کے فرزند ہیں ۔ وہ کالج آف فارمیسی کے بی فارمیسی ا ور فارم ڈی کے سال اول کے طلبہ کے اورینٹیشن پروگرام سے مخاطب تھے۔ انہوں نے بانی شاداں گروپ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے قوم و ملت کے لئے کے جی سے پی جی تک تعلیمی اداروں کا جال بچھایا جس سے ہزاروں طلباء اور طالبات فیضیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر محمدوزارت رسول خاں مرحوم نے جس مشن کا آغاز کیا تھا یہ نئی نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مشن کو جاری رکھیں۔ انہوں نے چیرمین جناب محمد شاہ عالم رسول خاں سے اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے اورینٹیشن پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو کرکے اظہار خیال کرنے کا موقع دیا۔ انہوں نے طلبہ سے خواہش کی کہ وہ جو سہولتیں میسر ہیں اس سے استفادہ کریں۔ یونیورسٹی کے نصاب کا گہرائی سے مطالعہ کریں‘ وقت کی قدر کریں کیوں کہ وقت ہی ایک ایسی شئے ہے جو گزرگیا تو لوٹ کر نہیں آتا۔ جس نے وقت کی قدر کی اُسی نے اپنی منزل پالی ہے۔ ماسٹر جونیئر محمد وزارت رسول خاں انکساری، اعلیٰ اخلاق کا بہترین نمونہ نظر آرہے تھے اور پروگرام میں موجود ٹیچنگ، نان ٹیچنگ اسٹاف، طلبہ اور اولیائے طلبہ ان کے اندازِ خطاب سے بے حد متاثر نظر آرہے تھے۔ پرنسپال ڈاکٹر سریدھر بابو نے طلبہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں کالج کے اصول و ضوابط، کورس کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ ڈاکٹر شیخ محمد قاسم ڈائرکٹر شاداں کالج آف فارمیسی نے خیر مقدم کیا۔ اورینٹیشن پروگرام محترمہ شاداں تہنیت سکریٹری شاداں ایجوکیشنل سوسائٹی کی زیر سرپرستی اور چیرمین جناب محمد شاہ عالم رسول خاں کی زیر نگرانی منعقد ہوا۔