جسمانی ورزش کی کمی کے نتیجہ میں شوگر اور بی پی جیسی بیماریاں: ہریش راؤ

   


گاندھی ہاسپٹل میں اعضاء کی پیوند کاری کا عنقریب خصوصی یونٹ، عطیہ دہندگان کو تہنیت

حیدرآباد۔/27 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے صحت کی برقراری کیلئے ورزش کو روزانہ کا معمول بنانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ جسمانی محنت میں کمی کے نتیجہ میں بی پی اور شوگر جیسی بیماریاں لاحق ہورہی ہیں۔ ہریش راؤ نے گاندھی میڈیکل کالج میں عالمی آرگن ڈونیشن ڈے کے موقع پر جسمانی اعضاء کا عطیہ دینے والے افراد کی تہنیتی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت ایسی بیش بہا نعمت ہے جس کا تحفظ ہونا چاہیئے۔ انسان میں جسمانی ورزش اور محنت کی عادت بیماریوں سے بچاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو صحت مند ریاست بنانے میں ہر کسی کو اپنا رول ادا کرنا چاہیئے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کسی بھی بیماری کی صورت میں فوری علاج پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ میں اسکول کی سطح سے حفظان صحت کے بارے میں شعور بیدار کیا جانا چاہیئے تاکہ وہ بڑے ہوکر صحت مند زندگی بسر کرسکیں۔ ہریش راؤ نے اس موقع پر انسانی اعضاء کا عطیہ دینے والے خاندانوں کو تہنیت پیش کی اور کہا کہ اس طرح دوسروں کی جان بچائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعضاء کے عطیہ کے سلسلہ میں آیوش ڈپارٹمنٹ کے ذریعہ شعور بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔ مشن بھگیرتا، پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی پروگراموں میں عوام کو حفظان صحت اصولوں سے واقف کرایا جارہا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ایک شخص کے اعضاء کے عطیہ کے نتیجہ میں 8 افراد کو نئی زندگی حاصل ہوئی ہے۔ عوام میں اعضاء کے عطیہ کے سلسلہ میں غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر کی خصوصی دلچسپی کے نتیجہ میں غریبوں کیلئے اعضاء کی پیوندکاری آسان ہوچکی ہے۔ آرگن ٹرانسپلانٹیشن آپریشن کیلئے آروگیہ شری سے 10 لاکھ روپئے منظور کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب گاندھی ہاسپٹل میں اعضاء کی پیوند کاری کیلئے علحدہ بلاک قائم کیا جائے گا۔ آئندہ 6 ماہ میں 35 کروڑ روپئے کے خرچ سے عصری آلات فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خانگی ہاسپٹلس کی طرح گاندھی ہاسپٹل میں اعضاء کی پیوند کاری کیلئے عصری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت سرکاری دواخانوں کو عصری بنانے کیلئے وسیع منصوبہ رکھتی ہے جس کے تحت ہر دواخانہ میں عصری آلات نصب کئے جارہے ہیں۔ر