جعلی ویزا پر پیر س جانے کی کوشش دہلی ایرپورٹ پر تین ہندوستانی گرفتار

   

نئی دہلی۔ سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) نے دہلی کے ایرپورٹ پر جعلی ویزا پر پیرس جانے کی کوشش کرنے والے تین ہندوستانی مسافروں کوگرفتار کیا ہے۔ حکام نے یہ جانکاری دی۔حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ 16 مارچ کو اندرا گاندھی بین الاقوامی ایرپورٹ کے ٹرمینل 3 پر پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ سی آئی ایس ایف عہدیداروں کو تینوں مسافروں پر شبہ ہوا جس کے بعد جرمن سفارت خانے سے ان کے ویزوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔انہوں نے کہا کہ سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ مذکورہ مسافروں کے پاسپورٹ پر ویزے جعلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کو دہلی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے جنہوں نے ان کے خلاف دھوکہ دہی اور جعلسازی کا مقدمہ درج کیا ہے۔پولیس نے اس معاملے میں مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔