جـــرائـــم و حـــادثــات

   

دولت مند گھرانوں کی لڑکیوں کو بلیک میل کرنے کی سازش ، ایک خاندان کے کئی افراد گرفتار
حیدرآباد : /5 مئی (سیاست نیوز) دولت مند گھرانوں کی لڑکیوں کو محبت کے جال میں پھانس کر انہیں بلیک میل کرنے والے معاملہ میں پولیس نے مزید گرفتاریوں کو عمل میں لایا ہے ۔ جوبلی ہلز پولیس نے اس سنسنی خیز معاملہ میں پہلے ہی دو بھائیوں کو گرفتار کرلیا تھا تاہم اب تازہ کارروائی میں پولیس نے گرفتار ملزمین کی والدہ ، ماموں اور دو ساتھیوں کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بنگلور میں ان گرفتاریوں کو انجام دیا گیا ۔ جوبلی ہلز پولیس نے ارجن اور پروین دونوں بھائیوں کو گرفتار کرلیا تھا اور ان سے پوچھ تاچھ کے بعد پولیس نے ارجن کی والدہ ، ماموں اوراس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ارجن اور پروین کو یہ لوگ مدد کرتے تھے ۔ دو بھائی دولت مند گھرانوں کی نوجوان لڑکیوں کو نشانہ بناتے تھے ۔ لڑکی کو ہائی پروفائیل دکھاکر اس کے قریب ہوا کرتے تھے اور کار میں گھومنے کے دوران لڑکیوں سے زیادتی کرتے تھے اور اکثران ویڈیوز کو تیار کرنے کے بعد ان ویڈیوز کے ذریعہ لڑکیوں کو ہراساں و بلیک میل کرتے ہوئے لاکھوں روپئے رقم لوٹ رہے تھے اور ان دونوں بھائیوں کی مدد خود ان کی والدہ اور ماموں کررہے تھے ۔ امکان ہے کہ پولیس عنقریب اس معاملہ میں مزید کارروائی اور گرفتاریاں عمل میں لائے گی ۔ عy/A/b

آپریشن آکٹوپس: مختلف ریاستوں میں بڑے پیمانہ پر گرفتاریاں
سائبر فراڈ کے 101 مقدمات درج ، متاثرین کو بھاری رقومات واپس
حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی سائبر کرائم پولیس اسٹیشن نے اپریل 2026ء کے دوران قومی سائبر رپورٹنگ پورٹل (NCRP) پر موصول متعدد شکایات کی بنیاد پر 77 ایف آئی آر درج کئے گئے۔ جاریہ ماہ ’’آپریشن آکٹوپس۔2‘‘ کا انعقاد کیا گیا جو آپریشن آکٹوپس 1 کا تسلسل تھا اور اس کا مقصد بینک عہدیداران کے بشمول منظم سائبر فراڈ نیٹ ورکس کو توڑنا تھا۔ انویسٹمنٹ اسکیمس، ٹریڈنگ فراڈس اور ’’ڈیجیٹل گرفتاری‘‘ اسکیمس میں اضافہ دیکھا گیا جہاں فراڈ کرنے والے دھوکہ، دھمکی اور جذباتی دباؤ کے ذریعہ متاثرین کو لوٹتے ہیں، جس سے بھاری مالی نقصانات ہوتے ہیں۔ آپریشن کے تحت سائبر کرائم پولیس نے حیدرآباد شہر کی لاء اینڈ آرڈر ٹیموں کے تعاون سے 9 مختلف ریاستوں سے 32 بینک منیجرس، کے وائی سی اپروورس، ریلیشن منیجرس، فیلڈ افسران، 15 میول اکاؤنٹ ہولڈرس اور 9 اکاؤنٹ آپریٹرس اور سپلائرس کو 101 مقدمات کے تحت گرفتار کیا گیا۔ متاثرین کو جملہ 69,99,097 روپئے واپس کرائے گئے۔اپریل 2026ء میں ملک بھر سے 56 افراد گرفتار کئے گئے، جن میں انویسٹمنٹ فراڈ 17، ٹریڈنگ فراڈ 30، ڈیجیٹل گرفتاری1، سوشل میڈیا 02، شادی ڈاٹ کام فراڈ 1، کریڈٹ کارڈ فراڈ 1، فیڈ ایکس 2، ڈیٹنگ 1 اور لکی ڈرا 1 شامل ہیں۔ کرناٹک 4، راجستھان 3، دہلی 9، تلنگانہ 17، آندھرا پردیش 2، مہاراشٹرا 14، بہار 1، مغربی بنگال 3، تامل ناڈو 1، گجرات 1۔ اِس کارروائی میں سائبر کرائم پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے 34 موبائل فونس، 8 چیک بکس، 11 شیل اسٹامپس ، 1 ٹیبلٹ: ضبط کئے گئے ہیں۔ سائبر کرائم پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مشکوک کالس، لنکس یا انویسٹمنٹ آفرس سے بچنے کیلئے فوری طور پر 1930 پر ربط کریں۔بV/

جنگلی جانوروں اور پرندوں کا غیر قانونی شکار ،6 رکنی ٹولی گرفتار ، مختلف اشیاء ضبط
حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیر قانونی شکار میں ملوث 6 رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے شکار کیلئے استعمال کئے گئے ہتھیار ضبط کرلئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس اے سرینواس راؤ نے کہاکہ محمد مظفر حسین عرف گڈو ساکن عالیجاہ کوٹلہ اپنے دیگر ساتھیوں میر احمد عامر ساکن جڑچرلہ، عبداللہ بن سہن ساکن عالیجاہ کوٹلہ، سعود بن محمد بلعب ساکن تالاب کٹہ، مسعود بن محمد ساکن عالیجاہ کوٹلہ، کے شیکھر متوطن مکتھل نارائن پیٹ نے جنگلی جانوروں اور نایاب پرندوں کا شادنگر اور مکتھل جنگلاتی علاقوں میں شکار کیا۔ اتنا ہی نہیں شکار کے ویڈیوز بناکر آپس میں وائرل کئے۔ ٹاسک فورس ایڈیشنل ڈی سی پی نے کہاکہ گرفتار شدہ ملزم مظفر عرف گڈو نے جنگلی جانوروں اور پرندوں کے شکار کے ویڈیوز بنائے اور گوشت کھانے کے بھی ویڈیو بناکر اپنے فون میں محفوظ رکھا تھا۔ جنگلی جانوروں اور نایاب پرندوں کے شکار کے لئے ایئر گنس اور لائسنس یافتہ رائفل کا استعمال کیا جاتا تھا۔ ٹاسک فورس پولیس کو اس کی اطلاع ملنے پر مذکورہ افراد کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے ایئرگنس اور رائفل ضبط کرلیا۔بV/A/b

کریم نگر میں جیویلری شاپ سے زیورات و ہیروں کے سرقہ کی واردات
ڈاکوؤں کی ٹولی کی سرگرمی سے تلاش ، اطلاع دینے پر ایک لاکھ انعام کا اعلان
حیدرآباد : /5 مئی (سیاست نیوز) کریم نگر ضلع میں /3 مئی کو ایک سنسنی خیز ڈکیتی کی واردات کی تحقیقات میں پولیس نے شدت پیدا کردی ہے اور اس دوران پولیس کو کئی اہم شواہد حاصل ہوئے ہیں ۔ جیوتی نگر پی ایم جے جیویلرس میں 5 رکنی بین ریاستی ڈاکوؤں کی ٹولی نے وہاں سے کروڑہا روپئے کے طلائی زیورات اور ہیرے لوٹ کر فرار ہوگئے تھے ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمین کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور سی سی ٹی وی کے ذریعہ اہم شواہد اکٹھا کئے جارہے ہیں ۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو یہ معلوم ہوا ہے کہ 5 ملزمین نے جگتیال ضلع کے دھرم پوری علاقہ میں قیام کیا اور لکشمی لاج کے سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی اہم فوٹیج حاصل ہوا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ پی ایم جے جیویلرس میں ڈکیتی کی واردات انجام دینے کے بعد ملزمین نے دوبارہ دھرم پوری کے راستے دریا گوداوی عبور کرکے فرار ہوگئے اور اپنی موٹر سائیکل وہیں چھوڑدی ۔ پولیس ٹیموں کو ڈاکوؤں کی استعمال شدہ پلسر اور اپاچی موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے ۔ پولیس نے اب تک کی تحقیقات میں ڈاکوؤں کی نشاندہی کرلی ہے اور ان کا تعلق بہار سے ہونے کا پتہ لگایا ہے اور وہاں کی پولیس کو بھی ان کی گرفتاری کیلئے مدد کرنے کی درخواست کی ہے ۔ واضح رہے کہ کریم نگر کے پولیس کمشنر غوث عالم نے ڈاکوؤں کے سر پر ایک لاکھ روپئے نقد رقم کا اعلان کیا ہے اور اس سے متعلق اطلاعات فراہم کرنے پر ان کی شناخت کو پوشیدہ رکھا جائے گا ۔ بy/A/b

ہائی کورٹ کے قریب چلتی کار میں آگ لگ گئی
حیدرآباد : /5 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ کے قریب آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب چلتی کار میں آگ بھڑک اٹھی ۔ یہ واقعہ منگل کی دوپہر کو ہائیکورٹ کے گیٹ نمبر 7 کے قریب پیش آیا ۔ انووا کے کار ڈرائیور نے گاڑی سے دھواں نکلتا ہوا دیکھ کر فوری کار کو روڈ کے کنارے پارک کردیا اور وہ وہاں سے محفوظ باہر نکل گیا ۔ کچھ ہی دیر میں انجن سے آگ بھڑک اٹھی اور علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ اس واقعہ کے نتیجہ میں وہاں کی ٹریفک میں خلل پیدا ہوگیا اور فوری طور پر ہائیکورٹ کے فائرانجن کو جائے حادثہ پر طلب کرلیا گیا اور کچھ ہی دیر میں آگ پر قابو پالیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ ب y/ِA/b/

تروپتی میں سڑک حادثہ ، 4 افراد ہلاک
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تروپتی ضلع میں سریکال ہستی کے قریب رینی گنٹہ ، نائیڈو پٹیا قومی شاہراہ پر ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں چار افراد کی موت ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق ایک ایمبولنس جس میں مریض کو طبی امداد کے لیے دواخانہ منتقل کیا جارہا تھا ۔ صبح کی ابتدائی ساعتوں میں اورندوری کے قریب ٹہری ہوئی لاری سے ایمبولنس ٹکرا گئی ۔ جس کے نتیجہ میں ایمبولنس میں سوار چارافراد کی موت ہوگئی ۔ اس حادثے میں مریض اور اس کے دو رشتہ دار اور ایمبولنس ڈرائیور کی موت ہوگئی ۔ جب کہ دیگر دو افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ جنہیں دواخانہ منتقل کردیا گیا ۔۔ ش a/b
پولیس نے بتایا کہ صبح کے وقت نیند کا جھونکا لگنے کی وجہ سے ایمبولنس لاری سے ٹکرا گئی اور یہ حادثہ پیش آیا ۔۔ ش a/b

سنگاریڈی میں سڑک حادثہ
2 افراد ہلاک
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سنگاریڈی میں پیر کی رات سڑک حادثے میں دو افراد کی موت ہوگئی اور تین افراد زخمی ہوگئے ۔ سنگاریڈی ضلع کے ظہیر آباد میں بائی پاس روڈ کے ذریعہ کار جو چیوڑلہ جارہی تھی کہ اچانک کار ڈرائیور نے اپنا کنٹرول کھودیا اور ایک ٹہری ہوئی لاری کو ٹکر دیدی ۔ پولیس نے زخمیوں کو ظہیر آباد کے ایریا ہاسپٹل میں منتقل کردیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔۔ ش a/b

باچوپلی میں مہیب آتشزدگی ،
فرنیچر کی دوکانات خاکستر
حیدرآباد : /5 مئی (سیاست نیوز) سائبر آباد کے علاقہ باچوپلی میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جہاں فرنیچر کے دوکانات جلکر تباہ ہوگئیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ رات دیر گئے پیش آئے اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ بلکہ 6 دوکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئیں ۔ ایک کے بعد ایک دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے دوکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ یہ حادثہ علاقہ میں خوف و دہشت کا سبب بن گیا ۔ حادثہ کی اطلاع پاکر پولیس اور فائر بریگیڈ عملہ مقام وارادت پہنچا اور آگ پر قابو پانے کے اقدامات کئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق فی کس دوکان میں 2 تا تین لاکھ کے مالی نقصان کا اندازہ لگایا جارہا ہے ۔ چار فائر انجن گاڑیوں نے طویل مشقت کے بعدآگ پر قابو پالیا ۔ شہر حیدرآباد میں گزشتہ روز بہادر پورہ اس طرح شہر میں ہر دن کسی نہ کسی مقام پر آتشزدگی حادثات پیش آرہے ہیں اور یہ حادثات شہریوں میں خوف و دہشت کا سبب بنے ہوئے ہیں ۔ عy/

قطب اللہ پور میں کمسن بچی کا اغواء
حیدرآباد : /5 مئی (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ میں ایک کمسن بچی کا اغواء کرلیا گیا ۔ قطب اللہ پور کے علاقہ میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں ماں کی آغوش میں سورہی ایک 6 ماہ کی بچی کا نامعلوم افراد نے اغواء کرلیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق بچی کی والدہ کی شکایت پر پولیس نے جانچ شروع کردی اور بچی کی تلاش جاری ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ نونیتا نامی خاتون جو قطب اللہ پور علاقہ میں واقع ایک ہاسٹل کے قریب فٹ پاتھ پر زندگی بسر کررہی ہے اس کی کمسن بچی کا اغواء کرلیا گیا ۔ خاتون اپنے چار بچوں کے ساتھ فٹ پاتھ پر سورہی تھی اور 6 ماہ کی بچی اس کے آغوش میں تھی جو اچانک غائب ہوگئی ۔ خاتون نے بچی کو قریبی علاقوں میں تلاش کیا اور ناکامی کے بعد پولیس میں شکایت کردی ۔ عy/

نیلور کے تالاب میں 2 بچے غرق
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش کے سری پوٹی سری راملو نیلور ضلع کے سیتارام پورم علاقہ میں واقع ایک تالاب میں تیراکی کے دوران دو بچے ڈوب کر مر گئے ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کانسٹبل سبا راؤ کے دو بیٹے 14 سالہ ریونت اور 12 سالہ آدی تالاب میں تیراکی کررہے تھے کہ اچانک پانی میں ڈوب گئے ۔ انہیں بچانے کی کوشش میں ان کی خالہ بھی پانی میں ڈوبنے لگی لیکن مقامی لوگوں نے اسے بچالیا ۔ لیکن ان بچوں کو بچانے میں وہ ناکام ہوگئے ۔ مقامی ماہی گیروں کی مدد سے بچوں کی لاشوں کو باہر نکال لیا گیا ۔ بچوں کی خالہ کو دواخانہ منتقل کردیا گیا ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے نعشوں کو بغرص پوسٹ مارٹم دواخانہ منتقل کردیا ۔۔ش a/b