نئی دہلی: مہاراشٹرا کے جلگاؤں میں مسجد اور مندر کا تنازعہ چل رہا ہے جو سپریم کورٹ تک پہنچ گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ جلگاؤں کے ایرنڈول تعلقہ میں واقع مسجد کی چابیاں میونسپل کونسل کے پاس رہیں گی۔ بتا دیں کہ جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس کے وی وشواناتھن کی بنچ بامبے ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف جامع مسجد ٹرسٹ کمیٹی کی اپیل پر سماعت کر رہی تھی۔ہائی کورٹ نے ٹرسٹ کو ہدایت دی تھی کہ جلگاؤں مسجد کی چابیاں 13 اپریل تک میونسپل کونسل کو واپس کردیں۔ بنچ نے یہ بھی واضح کیا کہ میونسپل کونسل صبح کی نماز شروع ہونے سے پہلے اور نماز کی ادائیگی تک گیٹ کھولنے کیلئے ایک افسر کو تعینات کرے گی۔ اگلے احکامات تک مسجد کا احاطہ وقف بورڈ یا ٹرسٹ کے کنٹرول میں رہنا چاہئے۔