تعلیمی ادارے، سنیما ہالس ہنوز بند رہیںگے، ان لاک 3 کے رہنمایانہ خطوط جاری
نئی دہلی: وزارت داخلی امور نے ملک میں ان لاک 3 کے رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے جس پر یکم ؍ اگست سے عمل ہوگا جس کے تحت رات کا کرفیو مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے جبکہ 5 اگست سے جم اور یوگا اداروں کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں کنٹونمنٹ زونس کے باہر دیگر سرگرمیوں کو بھی بحال کرنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ کنٹونمنٹ زونس میں لاک ڈاؤن 31 اگست تک برقرار رہے گا۔ 15 اگست کو یوم آزادی تقاریب سماجی فاصلہ اور دیگر صحت سے متعلق پروٹوکول پر عمل آوری کے ساتھ منعقد کی جائیں گی۔ اسکولس، کالجس، کوچنگ انسٹیٹیوٹ، میٹرو ریل، سنیما ہالس، سوئمنگ پولس، انٹرٹینمنٹ پارکس، بارس، آڈیٹوریم اور اسمبلی ہالس ہنوز بند رہیں گے۔ نئے قواعد کے تحت بین ریاستی اور اندرون ریاست افراد اور اشیاء کی حمل و نقل پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ وندے بھارت مشن کے تحت محدود پیمانے پر مسافرین کیلئے بین الاقوامی پروازوں کی اجازت دی گئی ہے۔ وزارت داخلی امور نے کہا ہیکہ دیگر سرگرمیوں کی اجازت یا ان کے دوبارہ کھولنے کی تواریخ سے متعلق فیصلہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد علحدہ طور پر کیا جائے گا۔ کوروناوائرس کی وبا پر قابو پانے کیلئے ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کی جانب سے کنٹونمنٹ زونس کی حدبندی چوکسی کے ساتھ کرنا ضروری ہے۔ ان علاقوں میں صرف ضروری سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔