جمعیت علماء ہند نے میرٹ پر 670 طلبا کو دی اسکالرشپ، مستفید اسٹوڈینٹس میں ہندو طلبہ بھی شامل

   

مولانا سید ارشدمدنی نے کل یہاں جمعیۃ علماء ہند کے صدردفترسے تعلیمی سال 2021-2022کے لئے میرٹ کی بنیادپر منتخب ہونے والے 670طلباء کے لئے اپنے دست مبارک سے وظائف جاری کردیئے ہیں ، قابل ذکر ہے کہ ضرورت مندطلباء کی بڑھتی ہوئی تعدادکو دیکھتے ہوئے پچھلے سال ہی وظائف کی مجموعی رقم پچاس لاکھ سے بڑھاکر ایک کروڑکردی گئی تھی ، دوسری اہم بات یہ ہے کہ ان منتخب شدہ طلباء میں اس باربھی ایک قابل قدر تعداد ہندو طلباء کی بھی شامل ہے ، مالی طورپر کمزورمگر ذہین اور محنتی طلباء کے لئے اعلیٰ اورپیشہ ورانہ تعلیم کے حصول میں مددکرنے کے اہم مقصدکے پیش نظرجمعیۃعلماء ہند نے 2012باضابطہ طورپر وظائف دینے کا فیصلہ کیا اس کے لئے حسین احمدمدنی چیری ٹیبل ٹرسٹ دیوبنداور مولانا ارشدمدنی پبلک ٹرسٹ کی جانب سے ایک تعلیمی امدادی فنڈقائم کیا گیا ہے اور ماہرین تعلیم پر مشتمل ایک ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے جو میرٹ کی بنیادپر ہر سال طلباء کو منتخب کرنے کا فریضہ انجام دیتی ہے ،جمعیۃعلماء ہند جن کورسیزکے لئے وظائف دیتی ہے، ان میں میڈیکل ، انجینئرنگ ، بی ٹیک ، ایم ٹیک ، پالی ٹکنک، گریجویشن میں بی ایس سی ، بی کام ، بی اے ، بی بی اے ، ماس کمیونیکیشن ، ایم کام ، ایم ایس سی ، ڈپلومہ آئی ٹی آئی جیسے کورسیز شامل ہیں اوراس کے پیچھے صرف اورصرف یہی مقصدکارفرماہے کہ غربت اور مالی پریشانی کے شکارذہین بچے کسی روکاوٹ کے بغیر اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں اور کورسیز مکمل کرکے جب باہر نکلیں توملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی میں شراکت داربن سکیں۔