جموں میں 14ملزموں کے خلاف سی بی آئی چھاپے

   

سی بی آئی نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا، سینئر ایس ایس بی آفیسر کی گرفتاری کا امکان
ایف اے اے اسکیم

جموں: جموں وکشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (ایس ایس بی) کی جانب سے فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ امتحانات میں بے ضابطگیاں اور امتحانات سے قبل پیپر افشا کرنے کے معاملے میں سی بی آئی نے چہارشنبہ کے روز جموں میں 14مقامات پر چھاپے ڈالے ۔معلوم ہوا ہے کہ سروسز سلیکشن بورڈ میں تعینات سابق ممبر کے گھر کی بھی تلاشی لی گئی۔ فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ (ایف اے اے ) امتحانات کے پرچے 30لاکھ روپیہ میں فروخت کرنے کے معاملے میں سی بی آئی نے چہارشنبہ کے روز جموں میں 14ملزمان کے گھروں پر چھاپے ڈالے اور وہاں سے اہم کاغذات برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ سروسز سلیکشن بورڈ کی سابق ممبر نیلم کھجوریہ کے گھر کو بھی کھنگالا گیا۔جن دوسرے ملزمان کے گھروں پر چھاپے مارے گئے اُن میں مکتا دیوی ساکن پرگروال جموں، لکشمی شرما، مکیش کمار، مکیشہ کماری، اویناش شرما، گورجیت کور، وندنا چودھری، راجندر، ملہوترا، گرپیت سنگھ ، کلولندر سنگھ اور ہرپال سنگھ شامل ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ جن چودہ افراد کے گھروں پر چھاپے ڈالے گئے وہ بلواسط یا بلاواسط طورپر اس کیس کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ سی بی آئی نے پوچھ تاچھ کا دائرہ وسیع کیااور ایس ایس بی کے سینئر آفیسر کی بھی گرفتاری کا امکان ہے ۔واضح رہیکہ سی بی آئی نے سب انسپکٹر امتحانات میں ہوئی بے ضابطگیوں کے سلسلے میں ایک ماہ تک ہریانہ، جموں اور کشمیر میں مختلف مقامات پر چھاپے ڈالے جس دوران زائد از دو درجن افراد جن میں کئی پولیس، سی آر پی ایف آفیسر شامل ہیں کی گرفتاری عمل میں لا کر اُن کے خلاف خصوصی عدالت میں چارج شیٹ بھی پیش کیا ہے ۔عوامی حلقوں کا کہنا ہیکہ گر چہ سی بی آئی نے متعدد افراد کی گرفتاری عمل میں لائی تاہم ابھی تک سروسز سلیکشن بورڈ کے کسی بھی آفیسر یا اہلکار کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ امتحانات میں ہوئی بے ضابطگیوں کے کیس کی تفتیش کے دوران ایس ایس بی کے کئی سابق آفیسران کے نام سامنے آئے ہیں جنہیں کسی بھی وقت گرفتار کیا جاسکتا ہے ۔