جموں و کشمیر میں لیفٹیننٹ گورنر کو دہلی کی طرز پر اختیارات

   

جموں: مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کے نظام کو دہلی کی طرز پر چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ چنانچہ جموں و کشمیر کے ایل جی کو بھی دہلی کے ایل جی کی طرح انتظامی اختیارات دیئے جائیں گے۔ وہاں بھی اب حکومت ایل جی کی اجازت کے بغیر ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں کر سکے گی۔ وزارت داخلہ نے جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ 2019 کے سیکشن 55 کے تحت ترمیم شدہ اصولوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے کی گئی ترامیم کے مطابق، آل انڈیا سروس (اے آئی ایس) افسران کے انتظامی سیکرٹریوں اور کیڈر کے عہدوں کے تبادلے سے متعلق ایڈمنسٹریٹو سیکرٹری، جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی تجاویز کو لیفٹیننٹ گورنر کو چیف سیکرٹری کے ذریعہ پیش کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، ’’انتظامی سکریٹریوں اور آل انڈیا سروسز کے افسران کے کیڈر کے عہدوں کی پوسٹنگ اور تبادلے سے متعلق معاملات کے سلسلے میں ایڈمنسٹریٹو سکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ چیف سکریٹری کے ذریعہ لیفٹیننٹ گورنر کو تجویز پیش کرے گا۔‘‘ اگرچہ جموں و کشمیر میں جب سے اس کی تنظیم نو ہوئی ہے تب سے انتخابات نہیں ہوئے ہیں لیکن جب بھی انتخابات ہوتے ہیں اور حکومت بنتی ہے تو لیفٹیننٹ گورنر کے پاس منتخب حکومت سے زیادہ اختیارات ہوتے ہیں۔ یہ اختیارات بالکل وہی ہیں جو دہلی کے ایل جی کے پاس ہیں۔