جموں وکشمیر انتخابات میں آج دوسرے مرحلے کی پولنگ

,

   

سری نگر: جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں چہارشنبہ 25ستمبر کو دوسرے مرحلے کی پولنگ کیلئے تمام نظریں ضلع سری نگر پر مرکوز ہے جو ایک وقت الیکشن بائیکاٹ کا گڑھ جانا جاتا تھا۔ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جموں و کشمیر کی کل 90 سیٹوں میں سے چھ اضلاع کی 26 نشستوں کی پولنگ ہوگی جن میں سے کشمیر میں 15جبکہ جموں صوبے میں 11حلقوں پر پولنگ ہوگی۔ان انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ 18 ستمبر کو منعقد ہوئی تھی جس میں ووٹنگ کی شرح مجموعی طور پر61 فیصد ریکارڈ ہوئی تھی۔اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 239 امید وار قسمت آزما رہے ہیں جبکہ 25.78 لاکھ رائے دہندگان حق رائے دہی کے اہل ہیں۔رائے دہندگان کی آسانی کے لئے الیکشن کمیشن نے 3 ہزار 502 پولنگ اسٹیشن قائم کئے ہیں جن میں ویب کاسٹنگ کے ساتھ تمام تر سہولیات بہم رکھی گئی ہیں۔ رائے دہندگان کی شرکت کو بڑھانے کیلئے اس مرحلے میں 157 خصوصی پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں 26 پولنگ بوتھ برائے خواتین جنہیں گلابی رنگ کے پولنگ اسٹیشن کہا جاتا ہے، 26 پولنگ اسٹیشن بالخصوص جسمانی طور خاص افراد اور 26 پولنگ اسٹیشن نوجوانوں کے ذریعے چلائے جائیں گے جبکہ 31 بوڈر پولنگ اسٹیشن،26 گرین پولنگ اسٹیشن ، 22 منفرد پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔ تمام پولنگ مراکز پر ووٹنگ صبح7 بجے شروع ہوگی اور شام6 بجے اختتام پذیر ہوگی۔ انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ میں سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ دو نشستوں بڈگام اور گاندربل سے قسمت آزمارہے ہیں۔ مبصرین کے مطابق عمر عبداللہ کو دونوں نشستوں پر سخت مقابلے کا سامنا ہے ۔ بڈگام سیٹ پر ان کا مقابلہ نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمان آغا سید روح اللہ کے چچا زاد بھائی آغا سید منتظر کے ساتھ ہے ۔اس مرحلے میں بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ بھی نوشہرہ اسمبلی حلقے سے ایک بار پھر قسمت آزمارہے ہیں جہاں ان کا نیشنل کانفرنس کی ٹکٹ پر لڑنے والے سابق ایم ایل سی سریندر چودھری کے ساتھ کانٹے کی ٹکر توقع ہے۔ دوسرے مرحلے کے نمایاں امیدواروں میں جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق قرہ، اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری شامل ہیں۔ تین مرحلوں پر محیط جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کا دوسرا اور تیسرا مرحلہ بالتریب25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو منعقد ہوگا جبکہ پہلے مرحلے کی پولنگ 18 ستمبر کو منعقد ہوئی۔ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہوگی۔