نئی دہلی : بزمِ جامعہ، شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے زیرِ اہتمام یومِ جمہوریہ کی مناسبت سے ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں صدرِ شعبہ پروفیسر احمد محفوظ نے کہا کہ جمہوریت ایک بہترین نظام ہے اور یہ نہایت خوشی کا موقع ہے کہ ہندوستان میں جمہوری نظام کے قیام کو ۷۳ برس مکمل ہوچکے ہیں۔ چوں کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ نے جمہوری اقدار کے استحکام میں اہم کردار اداکیا ہے اس لیے وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر کی یہ تحریک نہایت خوش آئند ہے کہ جشنِ جمہوریت کا انعقاد جامعہ کے تمام شعبوں کی سطح پر کیا جائے ۔ سابق صدرِ شعبہ پروفیسر شہزاد انجم نے کہا کہ تحریکِ آزادی اور جمہوریت کی جڑوں کو توانائی بخشنے میں بانیان اور معمارانِ جامعہ نے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں، لہٰذا اس جمہوری نظام کی آبیاری کے لیے وابستگانِ جامعہ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔ تقریب میں عبدالرحمٰن، غلام مخدوم، حبیب الرحمٰن، سید تجمل، تابینہ شبیر، زینب مہدی، نور فاطمہ اور رضیہ پر مشتمل شعبے کے طلبا و طالبات کی ٹیم نے ترانۂ ہندی ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘‘ اور ‘‘ترانۂ جامعہ’’ نہایت خوب صورت انداز سے پیش کیے ۔