جنوری کے دوسرے ہفتے سے کورونا ٹیکہ اندازی کا منصوبہ

   

حیدرآباد۔ محکمہ صحت سے جنوری کے دوسرے ہفتہ میں کورونا ٹیکہ اندازی کا آغازکرنے تیاریاں کی جا رہی ہیں ۔ پہلے مرحلہ میں 1کروڑ 60 لاکھ افراد کو ٹیکہ دیا جائیگا اور 21 دن میں انہیں دوسرا ٹیکہ دیا جائیگا۔ڈاکٹر سرینواس راؤ ڈائرکٹر محکمہ صحت نے بتایا کہ ابتداء میں ڈاکٹرس‘ طبی عملہ ‘ صفائی عملہ اور پولیس کو ٹیکہ دیا جائیگا۔ منصوبہ کے مطابق اندرون 25 یوم 1کروڑ 60لاکھ افراد کی ٹیکہ اندازی کا منصوبہ ہے ۔جنوری کے دوسرے ہفتہ سے ٹیکہ اندازی مہم کے دوران ٹیکہ مفت ہوگا ۔ انہوںنے بتایا کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق ایک شخص کو دو مرحلوں میں ٹیکہ دیا جائے گا اور جن افراد کو پہلا ٹیکہ دیا گیا ہے ان کو اندرون21 یوم دوسرا ٹیکہ دینے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ ٹیکہ اندازی کے بعد9تا12 ماہ ٹیکہ کے اثرات برقرار رہنے کا امکان ہے ۔ آئندہ چند ماہ کے دوران جب ٹیکہ کے اثرات کے سلسلہ میں وضاحت ہو جائے گی تو ٹیکہ کے قطعی اصولوں کو مرتب کیا جائیگا۔ منصوبہ کے تحت ابتدائی طور پر ان شہریوں کو بھی ٹیکہ دیا جائے گا جنہیں شدید عوارض لاحق ہیں ۔