جوبلی ہلز پولیس نے کانگریس قائد کے دفتر کو مہر بند کردیا

   

کارروائی کیخلاف پولیس کمشنریٹ کے روبرو آج احتجاج کا اعلان
حیدرآباد ۔ 13 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز ) جوبلی ہلز پولیس نے آج رات اچانک کاروائی کرتے ہوئے کانگریس کی حکمت عملی تیارکرنے والے کے سنیل کے دفتر کو مہر بند کردیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ سوشیل میڈیا میں مخالفین کے خلاف قابل اعتراض پوسٹنگ کی5علیحدہ شکایتوں پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔اطلا ملتے ہی کامگریس قائدین محمد علی شبیر‘ملو روی ‘روہن ریڈی اور انیل کمار یادو وہاں پہنچ گئے اور احتجاج کیا اور پولیس کے ساتھ ان کی بحث و تکرار ہوگئی۔ کانگریس قائدین نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں کانگریس کی سرگرمیوں کو روکنے اور حکمت عملی ساز سنیل کو ہراساں کرنے کیلئے یہ کاروائی کی جا رہی ہے ۔صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی نے پولیس کارروائی کی مذمت کی ۔کانگریس وار روم پر پولیس کی کارروائی کے خلاف کانگریس پارٹی چہارشنبہ کو پولیس کمشنریٹ کے روبرو احتجاج کرے گی ۔پولیس کارروائی کے خلاف کارکنوں کے جمع ہونے سے صورتحال کشیدہ ہوگئی ۔ پولیس نے احتجاجی قائدین کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔