اسرو سمیت تمام اداروں کو حکومت کی ہدایت‘ میڈیا اور سوشیل میڈیا پر شئیر نہ کرنے کا مشورہ
نئی دہلی: انڈین ریسرچ اسپیس آرگنائزیشن یعنی اسرو کی طرف سے یہ اطلاع جاری کئے جانے بعد کہ اتراکھنڈ میں جوشی مٹھ صرف 12 دنوں میں 5.4 سینٹی میٹر غرق ہو گیا ہے، حکومت نے اب اس سلسلہ میں معلومات کو چھپانے کا اعلان کر دیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی یعنی این ڈی ایم اے جو کہ مرکزی حکومت کے ماتحت کام کرتی ہے، نے تمام سرکاری اداروں کو ایک سرکلر جاری کیا ہے کہ وہ میڈیا کے ساتھ کسی بھی قسم کی معلومات شیئر نہ کریں۔ یہ بھی کہا کہ جوشی مٹھ سے متعلق کوئی بھی معلومات سوشل میڈیا پر بھی جاری نہ کی جائیں۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ مختلف تنظیموں کے اندازوں اور قیاس آرائیوں سے الجھن پیدا ہو رہی ہے۔سرکلر میں کہا گیا ہے ’’یہ دیکھا گیا ہے کہ مختلف سرکاری ادارے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر موضوع (جوشی مٹھ) سے متعلق ڈیٹا جاری کر رہے ہیں اور ساتھ ہی وہ حالات کی اپنی تشریح کے ساتھ میڈیا کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ اس سے نہ صرف متاثرہ رہائشیوں میں بلکہ ملک کے شہریوں میں بھی الجھن پیدا ہو رہی ہے۔‘‘ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ جوشی مٹھ میں زمین کے دھنسنے کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے ماہرین کا ایک گروپ تشکیل دیا گیا ہے، ایسی صورت حال میں این ڈی ایم اسرو سمیت تمام اداروں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس سلسلے میں سوشل میڈیا یا دیگر پر کوئی معلومات نہ دیں۔