جونیر لکچررس کیلئے اہل امیدواروں کو موقع فراہم کرنے کا مطالبہ

   

سی پی آئی طلباء تنظیم کی پبلک سرویس کمیشن سے نمائندگی
حیدرآباد۔/21ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کی طلباء تنظیم آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن نے جونیر لکچررس کے تقررات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اے آئی ایس ایف کے ریاستی سکریٹری پی لکشمن کی قیادت میں تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے سکریٹری انیتا رامچندرن کو یادداشت حوالے کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے سبب 2021-22 میں انٹر میڈیٹ امتحانات کے انعقاد اور نتائج کے اعلان میں تاخیر ہوئی ہے۔ بعض کورسیس سے تعلق رکھنے والے طلبہ جونیر لکچررس کے نوٹیفکیشن کے تحت درخواستیں دینے کے اہل قرار پائے ہیں ان تمام کو تقررات میں موقع فراہم کیا جائے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کو پیش کردہ یادداشت میں پی لکشمن نے کہا کہ ریاست میں کاکتیہ یونیورسٹی کے علاوہ بعض دیگر یونیورسٹیز میں پوسٹ گریجویٹ فائنل سمسٹر کے نتائج کی اجرائی میں تاخیر ہوئی ہے۔ نتائج میں تاخیر کے سبب کئی امیدوار جونیر لکچررس کے نوٹیفکیشن میں درخواستیں داخل کرنے کے حق سے محروم ہوچکے ہیں۔ بعض مضامین کے نتائج نوٹیفکیشن کے بعد جاری کئے گئے۔ انہوں نے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں توسیع اور تمام اہل امیدواروں کو درخواستیں داخل کرنے کا موقع فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ سکریٹری پبلک سرویس کمیشن نے اس معاملہ کو صدرنشین اور ارکان سے رجوع کرتے ہوئے مناسب انصاف کا تیقن دیا۔ اس موقع پر ریاستی نائب صدر رحمان، اسسٹنٹ سکریٹری جی نریش اور جونیر لکچرر عہدہ کے امیدوار موجود تھے۔ر