جوہی چاولہ کو راحت، دہلی ہائی کورٹ نے 5جیپٹیشن کیس میں ہرجانے کی رقم کم کردی

   

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے جمعرات کو فلمی اداکارہ جوہی چاولہ کو بڑی راحت دیتے ہوئے سماجی خدمت کرنے کی شرط پر 20 لاکھ روپے کے ہرجانے کو گھٹا کر 2 لاکھ روپے کر دیا۔ جسٹس وپن سانگھی اور جسٹس جسمیت سنگھ کی بنچ نے اداکارہ جوہی چاولہ کی جانب سے رضاکارانہ طور پر شادی شدہ خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کی پیشکش قبول کرنے کے بعد ہرجانے کی رقم کم کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ بنچ نے عرضی گزار کی جانب سے سماجی خدمات سے متعلق دہلی اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی (ڈی ایس ایل ایس اے ) کے ساتھ کام کرنے کی رضامندی کا نوٹس لیتے ہوئے ، ہرجانے کی رقم میں کمی کی درخواست منظور کی۔ فلم اداکارہ نے راحت کی گزارش سے متعلق درخواست کرتے ہوئے کہا کہ دہلی اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے پروگراموں میں حصہ لے کر خواتین اور بچوں کی مدد کے لیے سماجی خدمت کرنا ان کے لیے فخر کی بات ہوگی۔