جگن موہن ریڈی کے خلاف مقدمہ کی اندرون 9 ماہ یکسوئی

   

عوامی نمائندوں کے زیر التواء مقدمات کیلئے مزید 2 خصو صی عدالتوں کا قیام
حیدرآباد۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی کے بشمول دیگر عوامی نمائندوں کے مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی کا فیصلہ کیا ہے۔ ہائی کورٹ تمام موجودہ اور سابق ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کے مقدمات کی ہر ہفتہ کو سماعت کرے گا۔ عوامی نمائندوں کے زیر التواء مقدمات کی سماعت کیلئے کریم نگر اور محبوب نگر میں مزید دو خصوصی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حیدرآباد کی خصوصی عدالت میں 118 کیسس زیر التواء ہیں جبکہ سی بی آئی اور خصوصی عدالت برائے انسداد کرپشن کے تحت 25 مقدمات زیر تصفیہ ہیں۔ غیر محسوب اثاثہ جات کے معاملہ میں چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی اور دیگر 16 افراد کے خلاف مقدمات پرنسپل سی بی آئی کورٹ حیدرآباد میں زیر التواء ہیں اور توقع ہے کہ اندرون 9 ماہ اس مقدمہ کی یکسوئی کردی جائے گی۔ 118 کیسس میں غیر ضمانتی وارنٹ 10 کیسس میں جاری کئے گئے جبکہ 48 کیسس میں ملزمین کو سمن کی تکمیل باقی ہے۔ سینئر ایڈوکیٹ اور عدالت کے مددگار کی حیثیت سے مقرر کردہ ایڈوکیٹ وجئے ہنساریا نے ملک کی مختلف ریاستوں میں عوامی نمائندوں کے خلاف درج مقدمات پر مشتمل رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی ہے۔ توقع ہے کہ سپریم کورٹ بہت جلد اس معاملہ کی سماعت کرے گا۔سپریم کورٹ نے حال ہی میں عوامی نمائندوں کے خلاف زیر دوراں مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت دی تھی جس کے بعد ریاستی ہائی کورٹ متحرک ہوچکی ہے