جھارکھنڈ میں تاجرین کی سرمایہ کاری ضروری

   

رانچی : راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی کے ریاستی صدر راج کمار راج نے گوتم اڈانی کے جھارکھنڈ کے دورے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ تاجر جھارکھنڈ میں آکر سرمایہ کاری کریں۔ راج نے آج کہا کہ میں شروع سے مانتا آیا ہوں کہ ایک تاجر ملک اور سماج کا دشمن نہیں ہوتا ۔ انہیں استحصالی سمجھنا کمیونسٹ پروپیگنڈا ہے ۔ وہ تو ویلتھ کریئٹر ہے ، وہ روزگار فراہم کرتا ہے ، ملک اور ریاست کو خوشحال بناتا ہے ۔ راج نے کہا کہ ہمارے سماج کو تاجروں کا احترام کرنا سیکھنا چاہئے ۔ میں تو چاہتا ہوں کہ ٹاٹا، برلا، امبانی، اڈانی، رام دیو سمیت تمام تاجر جھارکھنڈ آئیں، یہاں سرمایہ لگائیں اور روزگار فراہم کریں۔ ہمارے بچوں کو اسی ریاست میں ہی روزگار ملے ، کسی کو دوسری ریاست میں ہجرت نہیں کرنی چاہیے ۔ صرف حکومت پر بھروسہ کرنے سے جھارکھنڈ میں خوشحالی نہیں آئے گی۔ اس کے لیے کاروبار دوست ماحول پیدا کرنا ہو گا۔ بڑے صنعتکاروں کی ضرورت ہوگی۔ پانی، جنگلات اور زمین کو بچاتے ہوئے صنعتی ترقی ضروری ہے ۔ اس کے لیے سب کو اجتماعی کوشش کرنی چاہیے ۔