جھارکھنڈ میں کل سے بی جے پی کی پیدل یاترا

   

رانچی۔ 31 اکتوبر (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری منوج سنگھ نے کہا کہ ریاستی صدر آدتیہ ساہو کی ہدایت کے مطابق بی جے پی کی جانب سے جھارکھنڈ میں ’’جمہوریت بچاؤ، بدنظمی ہٹاؤ‘‘ مہم کے تحت بڑے پیمانے پر پیدل یاترا کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس مہم کا آغاز 2 نومبر کو رانچی سے ہوگا۔ دیوالی سے قبل پہلے مرحلے میں 6 اضلاع میں پیدل یاترا نکالی جائے گی، جبکہ چھٹھ تہوار کے بعد باقی اضلاع میں پروگرام منعقد کیے جائیں گے ۔ ہر ضلع میں ہزاروں کی تعداد میں پارٹی کارکنان اور عام لوگ شرکت کریں گے ۔ پروگراموں کی کامیابی کے لیے ضلع وار انچارج بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ سنگھ نے آج بتایا کہ 2 نومبر کو رانچی میں منعقد ہونے والی پیدل یاترا کا انچارج ریاستی جنرل سکریٹری منوج سنگھ کو بنایا گیا ہے ۔ 3 نومبر کو گریڈیہہ میں ہونے والے پروگرام کے لیے ریاستی جنرل سکریٹری امر کمار باوری اور ہزاری باغ کے لیے سابق رکن اسمبلی برنچی نارائن انچارج ہوں گے ۔ 4نومبر کو پلامو میں ریاستی نائب صدر نیل کنٹھ سنگھ منڈا کو ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ وہیں، 5 نومبر کو جمشید پور میں رکن اسمبلی راج سنہا اور دمکا میں ریاستی جنرل سکریٹری گنیش مشرا پروگرام کے انچارج مقرر کیے گئے ہیں۔ سنگھ نے کہا کہ اس مہم کا مقصد کانگریس کی جانب سے انتخابی کمیشن اور دیگر آئینی اداروں کی ساکھ پر مسلسل سوال اٹھانے کی سیاست کا جواب دینا ہے ۔ انتخابات میں شکست کے بعد جمہوری اداروں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا کانگریس کی مایوسی اور ناامیدی کو ظاہر کرتا ہے ۔ ملک کے عوام انتشار نہیں بلکہ استحکام، بہتر حکمرانی اور ترقی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی آر کے ذریعہ ووٹر فہرست کو صاف اور شفاف بنانے کے عمل کے تعلق سے عوام کو بیدار کیا جائے گا۔ فوت شدہ، نقل مکانی کرنے والے ، دوہرے اندراج والے اور نااہل ووٹروں کے ناموں کی جانچ کرکے ووٹر فہرست کو غلطیوں سے پاک بنانا آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی سمت میں ایک اہم قدم ہے ۔