جھکتی ہے دنیا ‘ جھکانے والا چاہئے ۔ ہمیں کاکروچ کہنے پر سی جے آئی کا شکریہ ۔ ابھیجیت ڈپکے

   

نئی دہلی 25 جولائی ( ایجنسیز ) سی جے پی کے بانی ابھیجیت ڈپکے نے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ سارے طلباء کی کامیابی ہے ۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ ’ جھکتی ہے دنیا ۔ جھکانے والا چاہئے ‘ ۔ ابھیجیت ڈپکے دھرمیندر پردھان کے استعفے کے بعد جنتر منتر پر طلباء سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کیلئے انہیں ہیرو نہ بنایا جائے ۔ ڈپکے نے کہا کہ ایک شخص کو ہیرو بنانے سے ہی مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ ہم نے ایک شخص ( مودی ) کو دستور سے بھی بالاتر بنادیا تھا جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے ۔ انہوں نے دھرمیندر پردھان کے استعفے کو تمام طلباء اور ان کا ساتھ دینے والوں کی کامیابی قرار دیا ۔ ابھیجیت ڈپکے نے چیف جسٹس آف انڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے ہمیں کاکروچ قرار دیا تھا جس کی وجہ سے یہ ساری تحریک شروع ہوئی ۔ ڈپکے نے کہا کہ اگر انہوں نے ہمیں کاکروچ نہ کہا ہوتا تو وہ امریکہ سے ہندوستان نہ آتے ۔ یہ تحریک شروع نہیں ہوتی ۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس سوریہ کانت نے 15 مئی کو ایک سماعت کے دوران زبانی تبصرے میں کاکروچ کا لفظ استعمال کیا تھا ۔ بعد میں انہوں نے یہ وضاحت بھی کردی تھی کہ کاکروچ کا لفظ فرضی ڈگریاں رکھنے والوں کیلئے تھا تاہم اس وقت تک سی جے پی کا جنم ہوچکا تھا اور آن لائین اس کے کروڑوں فالوورس بن گئے تھے ۔ اس ریمارک سے سی جے پی تحریک شروع ہوئی تھی اور اس نے ملک بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا اور تحریک کا اختتام وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے پر ہوا ۔