شراب اور کباب میں مست، پولیس کے خلاف کارروائی کیوں نہیں
حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ان دنوں نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف پولیس کی جانب سے سخت کارروائی اور اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کو جیل بھی منتقل کیا جارہا ہے ۔ لیکن اگر پولیس ہی نشہ کی حالت میں آکر گاڑی چلائے اور یہ حرکت اگر دوران ڈیوٹی کی جائے تو پھر ایسے عملہ کے خلاف کیا کارروائی ہوگی ؟ چونکہ پولیس میں پٹرولنگ ڈیوٹی خاص اہمیت کی حامل ہوتی ہے ۔ موقع واردات پر پہونچنا کسی کارروائی کو فوری انجام دینا اور فوری حرکت میں آتے ہوئے اقدام کرنا علاقہ میں ہر طرح کی سرگرمی نقل و حرکت مجرمانہ سرگرمیوں پر روک اور نظر رکھنا ہر وقت بالخصوص رات کے اوقات چوکسی امن و سلامتی کی اہم ذمہ داری پٹرولنگ عملہ کے کندھوں پر ہوتی ہے لیکن جب پٹرولنگ عملہ ہی فرض سے لاپرواہی کرے تو پھر سماج کا حال کیا ہوگا ۔ شہر میں پنجہ گٹہ پولیس عملہ کی حرکت سوشیل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے ۔ پٹرولنگ عملہ اپنے فرض کو درکنار کرتے ہوئے ڈیوٹی کے دوران شراب نوشی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ۔ پولیس کی گاڑی کو سڑک کے کنارے رکھتے ہوئے باضابطہ پکنگ کے انداز میں سڑک کنارے شراب کی بوتل مرغ تندوری سے لطف اندوز ہورہا تھا ۔ ان ملازمین کو یہ بھی پرواہ نہیں رہی کہ وہ ڈیوٹی پر موجود ہیں ۔ ساتھ ہی انہیں وردی کا لحاظ بھی نہیں رہا ۔ پولیس کی وردی اور خدمات کو رسوا کرتے ہوئے یہ ملازمین پولیس شراب نوشی کررہے تھے ۔ ایرم منزل علاقہ میں واقع ایک شاپنگ مال کے قریب سڑک کے کنارے پٹرولنگ کی گاڑی کو روک کر مئے نوشی میں مگن تھے ۔ ہر غم سے آزاد ڈیوٹی کی فکر سے دور بڑی شراب کی بوتل تندوری چکن کے ساتھ مزے لوٹ رہے تھے کہ انہیں سیل فون کے ذریعہ کیمروں میں قید کرلیا گیا اور اب ان کے خلاف کارروائی کا انتظار رہے گا ۔۔ ع