حج 2020پر مہنگائی کا اثر، درخواستوں میں زبردست کمی

   

ممبئی، 31دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ حج 2020 ء کے قرعہ اندازی نہیں کروائے جانے کا امکان پیدا ہوگیا ہے ،کیونکہ کمیٹی نے امسال درخواستوں کے لیے تاریخ میں چار مرتبہ توسیع کی ہے ،اس کے باوجود درخواستوں میں کمی کاسلسلہ جاری ہے اور اترپردیش متاثر ہوا ہے ،جہاں درخواستیںسب سے کم موصول ہوئی ہیں۔ حج کمیٹی ذرائع کے مطابق اب دولاکھ بیس ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور اس سلسلہ میں اندراج کے بعد ایک لاکھ سے زیادہ عازمین حج کو کور نمبر دیے جارہے ہیں۔تاکہ کام میں آسانی پیش آ ئے ۔حج کمیٹی کے ذریعہ دولاکھ چالیس ہزار کاکوٹہ ہے ۔گزشتہ 2.60 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ حج کمیٹی کے سی او مقصود احمد خان نے درخواستیں کم آنے کی تصدیق کی ہے ،البتہ درخواستیں مقررہ کوٹے سے 80ہزار زائد ہیں ۔ان میں سے نصف سے زائد درخواستیں واپس لی جاسکتی ہیں۔جس کے بعد ہی قرعہ اندازی کا وقت طے کیا جائے گا۔بتایاجارہا ہے کہ اترپردیش میں سب سے کم درخواست ملی ہیں ،اور شاید قرعہ اندازی بھی نہ کرانا پڑے ۔سی ای او کے مطابق عالمی سطح پر مندی اور ڈالر کے مقابلہ میں روپئے کی قدر میں کمی بھی ایک بڑا سبب ہے ۔جبکہ دوسری وجہ آن لائن سسٹم ہے ،جس سے درخواست پر اثرپڑاہے ۔