ریاض: /29 ستمبر (سیاست نیوز) میزباںِ حج مملکتِ سعودی عرب ہمیشہ حجاج کرام کو نت نئی سہولتین بہم پہنچانے کوشاں رہتی ہے۔ اس سلسلے کی کڑی کے طور پر سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج سیزن 2027ء کے لیے بیرون مملکت سے آنے والے عازمین کے لیے ایک جامع پیکج کا اجراء عمل میں لایا ہے۔ سودی پریس ایجنسی ‘‘ایس پی اے ‘‘ کے مطابق اس پیکج میں ’’الیکٹرانک پاتھ‘‘ پلیٹ فارم پر ایک ہی ای ایگریمنٹ کے ذریعے سعودی عرب آمد سے روانگی تک تمام بنیادی خدمات شامل ہیں۔’’ایس پی اے‘‘ کے اس جامع پیکج میں چار بنیادی سروسیز مقدس مقامات کی خدمات، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ہاسپٹلیٹی فیسیلیٹیز( مہمان نوازی کی سہولتیں)، ٹرانسپورٹیشن اور کیٹرنگ شامل ہیں۔اس کے علاوہ اختیاری اضافی خدمات بھی دستیاب ہیں۔ اس سے غیر ملکی حج امور کے دفاتر اور ایجنسیاں مختلف عازمین کے گروپوں کے لیے ان کی خواہش و ضروریات کے مطابق واضح اور لچکدار ایگریمنٹ فریم ورک کے اندر موزوں پروگرام تیار کر سکیں گی۔وزارت نے کہا کہ پیکج کا اجرا سعودی ویژن 2030 اور پیلگرم ایکسپیریئنس پروگرام کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے۔ ان کوششوں کا مقصد عازمین حج کو آسانی اور اطمینان کے ساتھ مناسک حج ادا کرنے کے قابل بنانا اور ان کے روحانی تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے۔واضح رہے کی چند ماہ قبل سعودی وزارت حج و عمرہ نے نئے حج سیزن 2027 سے قبل دنیا بھر کے 75 سے زائد ملکوں میں حج امور کے دفاتر کے ساتھ تیاریوں کے حوالے سے اجلاسوں کا آغاز کیا تھا۔