مکہ مکرمہ ؍ مدینہ منورہ : سعودی عرب کی وزارت صحت نے حجاج کرام کو طبی خدمات فراہم کرنے کیلئے اس سال 1444ھ کے حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ میں صحت کی بہترین سہولیات کی تیاری کا اعلان کیا ہے۔وزارت صحت نے واضح کیا کہ حجاج کرام کو 14 فضائی، زمینی اور سمندری راستوں سے صحت کی خدمات فراہم کرنے کیلئے تیاریاں کی گئی ہیں۔ حج کے موقعے پر مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں ہنگامی طبی سروس فراہم کرنے والے اسپتالوں کی تعداد 32 تک پہنچ گئی ہے، جن میں فیلڈ اسپتال بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 140 مراکزِ صحت قائم کیے گئے ہیں جن میں مریضوں کیلئے 6132 بستروں کی گنجائش موجود ہے، جبکہ انتہائی نگہداشت کیلئے مختص کیے گئے بستروں کی تعداد 761 اور سن اسٹروک کیلئے مختص کیے گئے بستروں کی تعداد 222 ہے۔وزارت صحت نے بتایا کہ یہ دوسرا حج سیزن ہے جس میں مریض عازمین کو ورچوئل اسپتال کے ذریعے اپنی خدمات فراہم کی جائیں گی۔حج کے موقعے پر عازمین کی سہولت کیلئے 32 ہزار طبی کارکنوں اور ڈاکٹروں پر مشتمل عملہ موجود ہے۔ حرم مکی، مشعر منیٰ اور جمرات کے مقامات پر16 ہنگامی طبی مراکز قائم ہیں اور 190 ایمبولینسیں فراہم کی گئی ہیں۔