حسین ساگر میں آئندہ ہفتہ تیرتے ہوئے فوارے نظر آئیں گے

   

خوبصورتی میں اضافہ کے لیے حمڈا کے اقدامات
حیدرآباد۔31جنوری(سیاست نیوز) حسین ساگر کی خوبصورتی میں اضافہ کے لئے حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے تیرتے ہوئے موسیقی ریز فوارے کی تنصیب کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ آئندہ ہفتہ حسین ساگر میں تیرتے ہوئے فوارے کے سلسلہ میں تجرباتی آغاز کردیا جائے گا۔ شہر حیدرآباد میں 11 فروری کو ہونے والی فارمولہ ۔ای ریس سے قبل حسین ساگر میں تیرتے ہوئے موسیقی ریز فوارے کا آغاز کردیا جائے گا۔ حسین ساگر کے اطراف و اکناف جاریہ ماہ کے اوائل سے ہی سرگرمیوں کا آغاز ہونے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے 17 فروری کو سیکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب اور اس سے قبل نیکلس روڈ پر فارمولہ ۔ ای ریس کے انعقاد سے قبل اب حسین ساگر میں تیرتے ہوئے فوارے کی تنصیب کے فیصلہ کے بعد کہا جا رہاہے کہ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کاموں کو انجام دینے کے اقدامات کئے جار ہے ہیں ۔ 17 کروڑ 2لاکھ کی لاگت سے تیار کئے جانے والے اس تیرتے ہوئے موسیقی ریز فوارے کے متعلق ذرائع نے بتایا کہ سیکریٹریٹ کے افتتاح سے قبل بلکہ فارمولہ ۔ای ریس کے انعقاد سے قبل اس فوارے کو مکمل کرلیا جائے گا اور ہفتہ اور اتوار کو اس کے 4شو اور کام کے دنوں میں 3 شو رکھے جائیں گے ۔ بتایاجاتا ہے کہ شام 7 بجے سے 10بجے کے درمیان ہونے والے ان شو کے لئے 20 منٹ کا وقت رہے گا اور ایک شو کے لئے 20منٹ تفریحی سامان فراہم کیا جائے گا۔حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذرائع کے مطابق شہر حیدرآبا دکی اس مرکزی تفریح گاہ میں نصب کئے جانے والے تیرتے ہوئے فوارے کے لئے ایجنسی کا تعین کرتے ہوئے انہیں کام تفویض کئے جاچکے ہیں ۔ حسین ساگر میں نصب کئے جانے والے اس فوارے کی لمبائی 180میٹر ہوگی جبکہ اس کی چوڑائی 10میٹر ہوگی جبکہ اونچائی 90میٹر تک ریکارڈ کی جائے گی۔اس فوارے کی تنصیب کے ساتھ ساتھ اس میں خرابی کی صورت میں مرمت وغیرہ کی ذمہ داری بھی اسی ادارہ کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اگر اس میں خرابی پیدا ہوتی ہے تو اندرون 48 گھنٹے اس کی مرمت کے بعد اسے کارکرد بنانا لازمی ہوگا۔حسین ساگر کے اطراف و اکناف منعقد ہونے والے فارمولہ ۔ای ریس ‘ سیکریٹریٹ کے افتتاح کے علاوہ حسین ساگر کی خوبصورتی میں اضافہ کے اقدامات کے بعد حسین ساگر پر سیاحوں کی آمد میں اضافہ ریکارڈ کئے جانے کی توقع ہے اور کہا جا رہاہے کہ جاریہ ماہ کے دوران حسین ساگر کے اطراف و اکناف کے علاقہ کافی مصروف رہیں گے۔م