حکومت نے 9 میڈیکل کالجس میں 3897جائیدادوں پر تقررات کی منظوری دی

   


فی کالج 433 جائیدادیں مختص ، وزیر صحت ہریش راؤ کا خیر مقدم
حیدرآباد ۔ یکم ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حکومت نے ریاست کے 9 میڈیکل کالجس اور اس سے ملحقہ ہاسپٹلس میں 3897 جائیدادوں پر تقررات کے لیے منظوری دے دی ہے جس کا ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ راجنا سرسلہ ، کاماریڈی ، وقار آباد ، کھمم ، کریم نگر ، جئے شنکر بھوپال پلی ، کمرم بھیم آصف آباد ، جنگاؤں اور نرمل میڈیکل کالجس اور ان میڈیکل کالجس سے ملحقہ ہاسپٹلس میں ان جائیدادوں پر تقررات کیلئے منظوری دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان جائیدادوں پر تقررات کے لیے محکمہ فینانس نے بھی منظوری دی ہے ۔ ہر ایک میڈیکل کالج کیلئے 433 جائیدادیں مختص کی گئی ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ہر ضلع میں ایک گورنمنٹ میڈیکل کالج قائم کرنے کا منصوبہ تیار کر کے کام کررہی ہے ۔ ریاست میں بڑے پیمانے پر میڈیکل کالجس کا جال بچھایا جارہا ہے ۔ مرکز کے تعاون کے بغیر ٹی آر ایس حکومت نئے میڈیکل کالجس قائم کررہی ہے اور ساتھ ہی مقامی نوجوانوں کے لیے ایم بی بی ایس کا بھی کوٹہ مختص کیا گیا ہے ۔ جس سے تلنگانہ کے طلبہ کو نیٹ کونسلنگ میں بڑی راحت فراہم ہوئی ہے ۔ انہیں میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے دوسری ریاستوں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا ۔ حکومت تلنگانہ کو صحت مند ریاست میں تبدیل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے اور اس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں ۔۔ ن