کونسل الیکشن میں سماجی انصاف کے تحت انتخاب، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ سماجی انصاف صرف کانگریس پارٹی سے ممکن ہے اور ایم ایل سی انتخابات میں کانگریس نے پسماندہ اور کمزور طبقات کو نمائندگی دیتے ہوئے عملی ثبوت پیش کیا ہے۔ کونسل کیلئے نومنتخب ارکان وجئے شانتی، ادنکی دیاکر اور شنکر نائک کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے نومنتخب ارکان کو مبارکباد پیش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ ایم ایل سی انتخابات میں کانگریس پارٹی نے ایس سی، ایس ٹی اور بی سی مہیلا قائدین کو نمائندگی دیتے ہوئے سماجی انصاف کو یقینی بنایا ہے۔ 2014 ء میں بی آر ایس حکومت نے گورنر کے خطبہ میں احتجاج کرنے پر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کی رکنیت کو ختم کردیا تھا۔ ایوان میں دلت لیڈر بھٹی وکرامارکا کو مسلمہ اپوزیشن لیڈر کے موقف سے محروم کرنے کانگریس ارکان کو انحراف کی ترغیب دی گئی اور کانگریس کو اپوزیشن لیڈر کے عہدہ سے محروم کردیا گیا تھا۔ اُنھوں نے یاد دلایا کہ ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر راجیا کو توہین آمیز انداز میں برطرف کیا گیا تھا۔ اسپیکر پرساد کمار کے خلاف بی آر ایس رکن جگدیش ریڈی کے ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ یہ ریمارک دراصل بی آر ایس کی پالیسی کو ظاہر کرتے ہیں۔ کانگریس نے ہمیشہ سماجی انصاف کیلئے جدوجہد کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر کو جمہوری اور دستوری اُصولوں کے بارے میں واقفیت حاصل کرنی چاہئے۔ اُنھوں نے بی آر ایس قائدین کو کانگریس حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر کھلے مباحث کا چیلنج کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کے سی آر خاندان نے انتہائی کم عرصہ میں زائد اثاثہ جات حاصل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اُنھوں نے یاد دلایا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر نے دلت چیف منسٹر کا وعدہ کیا تھا لیکن وعدہ سے منحرف ہوگئے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ راہول گاندھی کی ہدایت پر تلنگانہ میں طبقاتی سروے کا کامیابی سے انعقاد عمل میں آیا تاکہ فلاحی اسکیمات میں کمزور طبقات کو مناسب حصہ داری دی جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کا بِل اسمبلی کے جاریہ بجٹ سیشن میں پیش کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو طبقاتی سروے پر تبصرہ کرنے کا اخلاقی حق نہیں ہے کیوں کہ اُنھوں نے سروے میں حصہ نہیں لیا۔ بی سی تحفظات اور ایس سی زمرہ بندی کو دستوری ترمیم کے ذریعہ قانونی شکل دینے کی مرکز سے درخواست کی جائے گی۔ تلنگانہ کے بی جے پی قائدین کو اِس سلسلہ میں مرکزی حکومت پر دباؤ بنانا چاہئے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ مرکزی وزراء کشن ریڈی اور بنڈی سنجے کمار کو بی سی تحفظات اور ایس سی زمرہ بندی کے سلسلہ میں وزیراعظم نریندر مودی سے نمائندگی کرنی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ علیحدہ تلنگانہ جدوجہد میں وجئے شانتی نے اہم رول ادا کیا تھا جس کے اعتراف میں کانگریس نے اُنھیں کونسل کیلئے منتخب کیا ہے۔ 1