چیف منسٹر کی شرکت، 12 ہزار افراد کیلئے ڈِنر کا اہتمام
حیدرآباد۔/20 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سرکاری سطح پر کل 21 ڈسمبر کو لال بہادر اسٹیڈیم میں کرسمس تقاریب منائی جائیں گی جس میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ شرکت کریں گے ۔ریاستی وزراء کے ایشور، سرینواس یادو اور محمد محمود علی نے میئر حیدرآباد وجئے لکشمی کے ہمراہ اسٹیڈیم میں ریاستی سطح کی کرسمس تقاریب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد تمام مذاہب کے عید اور تہوار حکومت کی سطح پر منائے جارہے ہیں۔ کرسمس تقاریب کے بڑے پیمانے پر انعقاد کا فیصلہ کیا گیا اور حکومت کی جانب سے کرسمس ڈِنر لال بہادر اسٹیڈیم میں ترتیب دیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ شرکت کرتے ہوئے عیسائی برادری کو مبارکباد پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس ڈِنر میں تقریباً 12 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔ تقاریب کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ عہدیداروں کو نقائص سے پاک انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں ڈِنر کیلئے مختلف گوشے تیار کئے گئے ہیں اور مدعوئین کیلئے داخلہ بذریعہ کارڈ رہے گا۔ انہوں نے مدعوئین کو شام 5 بجے تک پہنچنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ چیف منسٹر شام 6 بجے شرکت کریں گے۔ اس موقع پر عیسائی طبقہ کی اہم شخصیتوں کو اعزازات دیئے جائیں گے۔ دورہ کے موقع پر رکن اسمبلی گوپی ناتھ ، کمشنر پولیس سی وی آنند اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر