ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے بی آر ایس کے ارکان کی معطلی
حیدرآباد ۔ 15 مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ قائد اپوزیشن کے سی آر نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ اہم اپوزیشن کے طور پر ایوانوں میں حکومت کی ناکامیوں اور عوام کے مسائل پیش کریں۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے جمعہ کو فارم ہاؤز پہنچ کر کے سی آر سے ملاقات کی۔ کے سی آر سے بی آر ایس کے رکن اسمبلی جگدیش ریڈی کی معطلی اور دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کے سی آر نے کے ٹی آر کو مشورہ دیا کہ وہ عوامی مسائل کو ایوانوں میں بہتر انداز میں پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کی معطلی کو ایک ہتھیار کے طور پر چنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہیکہ تمام بی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل باقاعدگی سے اسمبلی اور کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں اور حکومت کی ناکامیوں کو آشکار کرتے رہیں۔ کے سی آر نے کہا کہ اگر بی آر ایس کے ارکان کو اسمبلی سے زبردستی باہر نکال بھی دیا جائے تو وہ مختلف شکلوں میں احتجاج کریں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر کے خطبہ اظہارتشکر میں بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو معطل کرنے کا کانگریس مقننہ پارٹی کے اجلاس میں منظم سازش تیار کی گئی اور اس پر عمل کیا گیا۔ ایوانوں سے بی آر ایس کے ارکان کو باہر کرتے ہوئے عوامی مسائل کو موضوع بحث نابنانے کی منصوبہ بندی پر عمل کیا جارہا ہے۔ کے سی آر نے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کے بچھائے جال میں پھنسنے کے بجائے خصوصی حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھیں اور بجٹ سیشن میں عوامی مسائل کو زیادہ سے زیادہ موضوع بحث بنائیں۔2