حکومت کی کارکردگی سے تمام طبقات کو مایوسی

   

سنگاریڈی میں طلبہ و خواتین کے ساتھ بی آر ایس کا احتجاج ، چنتا پربھاکر کا خطاب
سنگاریڈی 5 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی آر ایس پارٹی کی ہدایت پر کانگریس حکومت کیخلاف جاری سات روزہ احتجاج کے سلسلہ میں سنگاریڈی میں طلبہ اور خواتین کے ساتھ بی آر ایس کی جانب سے احتجاجی ریالی نکالی گئی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی سنگاریڈی چنتا پربھاکر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس حکومت پر عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکامی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام سے کئے گئے وعدوں کو 100 دن کے اندر پورا کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم حکومت اپنے وعدوں کی تکمیل میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی فیس ری ایمبرسمنٹ کے تقریباً 12 ہزار کروڑ روپئے حکومت پر واجب الادا ہیں، جس کے باعث طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیموں کے تحت رقم کی اجرائی میں بھی مستحقین کو دشواریوں کا سامنا ہے اور مختلف سوالات کئے جارہے ہیں، جبکہ بی آر ایس حکومت کے دور میں یہ رقم آسانی سے جاری کی جاتی تھی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ لڑکیوں کو اسکوٹی فراہم کرنے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمین اور کسانوں سے کئے گئے وعدوں پر بھی عمل آوری نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق مختلف طبقات کے عوام حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہوچکے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فنڈز دستیاب ہونے کے باوجود ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز کی کمی کا بہانہ بنایا جارہا ہے اور حکومت کو ترقیاتی کاموں میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔اس موقع پر ایم اے حکیم ایڈورکٹ، ڈاکٹر سری ہری، منہور ، ورا لکشمی ، بی آر ایس کے قائدین، کارکنان، طلبہ اور خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔