حیدرآباد سٹی پولیس کی از سر نو حد بندی ‘ حکومت کی منظوری

   

پرانے شہر کیلئے ساؤتھ ایسٹ و ساؤتھ ویسٹ زون قائم کرنے کی تجویز

حیدرآباد : /16 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس کی ازسرنو حد بندی کیلئے تلنگانہ حکومت کی منظوری کے پیش نظر پرانے شہر کیلئے مزید 2 زونس قائم کئے جانے کی تجویز کو عنقریب قطعیت دی جارہی ہے ۔سائبر آباد میں بھی شمس آباد زون دو حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے راجندر نگر زون بھی قائم کیا جاچکا ہے اور اس ضمن میں جی او جاری کیا گیا ہے ۔ حکومت نے حالیہ دنوں شہر میں موجود 5 زونس ، 17 ڈیویژنس اور 60 پولیس اسٹیشن کو بدلنے اور پولیسنگ کیلئے نیا ڈھانچہ تیار کرنے کی غرض سے دو نئے زونس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں نئے پولیس اسٹیشنس بھی قائم کئے جارہے ہیں ۔ شہر حیدرآباد کے حساس ساؤتھ زون کے بعض پولیس اسٹیشنس کو ہٹاکر دو نئے زونس بھی قائم کئے جارہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ساؤتھ ایسٹ زون قائم کیا جارہا ہے جس کے تحت چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن ، بنڈلہ گوڑہ پولیس اسٹیشن، کنچن باغ ، چادر گھاٹ ، ملک پیٹ ، مادناپیٹ ، سعیدآباد ، آئی ایس سدن (نیا پولیس اسٹیشن) ، رین بازار ، بھوانی نگر اور سنتوش نگر پولیس اسٹیشن شامل کئے جائیں گے ۔ اسی طرز پر ساؤتھ ویسٹ زون بھی قائم کیا جارہا ہے جس میں پولیس اسٹیشن آصف نگر ، ہمایوں نگر ، حبیب نگر ، بیگم بازار ، شاہ عنایت گنج ، منگل ہاٹ ، گولکنڈہ ، لنگر حوض اور ٹولی چوکی اور گڈی ملکاپور (نیا پولیس اسٹیشنس) ، کلثوم پورہ اور ٹپہ چبوترہ پولیس اسٹیشنس بھی شامل رہیں گے ۔ جبکہ ساؤتھ زون جس میں موجودہ 18 پولیس اسٹیشنس موجود ہیں کو کم کرکے 10 پولیس اسٹیشنس پر نیا زون تیار کیا جارہا ہے جس میں بہادر پورہ پولیس اسٹیشن ، کالاپتھر پولیس اسٹیشن ، کاماٹی پورہ ، چارمینار ، حسینی علم ، چھتری ناکہ ، فلک نما ، شاہ علی بنڈہ ، دبیر پورہ ، میرچوک اور مغل پورہ پولیس اسٹیشن بھی شامل ہیں ۔ دو نئے زونس کیلئے نئے ڈپٹی کمشنران پولیس کا تقرر بھی عنقریب عمل میں لایا جائے گا اور ان عہدوں کیلئے آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے پولیس عہدیداروں کو ہی ترجیح دی جارہی ہے ۔