حیدرآباد : حیدرآباد میں لیبر قوانین سے مربوط دیگر ضمنی کوڈ متعارف کئے جانے پر آئی ٹی ملازمین میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔اُن کاکہنا ہے کہ اس طرح ملازمین کو بغیر کسی زائد مراعات کے 48 گھنٹے فی ہفتہ کام کرنے کا پابند کیا جاسکتا ہے کیونکہ جس طرح لیبر سے متعلق بعض ضمنی کوڈ کو دوبارہ تشکیل دیا گیا وہ ملازمین کے حق میں نہیں ۔ ایک طرف جہاں لیبر پر نئے کوڈس کے ذریعہ چار دن کاہفتہ اور اوورٹائم کے لئے زائد مشاہرہ متعین کیا گیاہے وہیں ملازمین کو اس بات کا ڈر بھی ہے کہ اِن ضمنی کوڈس میں کمپنیوں کی جانب سے تبدیلی کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے جو ملازمین کے مفاد میں نہیں ہوگی اور اُنھیں ( ملازمین) اُن کی مرضی کے خلاف کام کرنا ہوگا ۔ فی الحال جو رپورٹس مل رہی ہیں اُن کے مطابق نئے لیبر کوڈس کمپنیوں کو ایک ہفتہ میں چار دن کام کرنے کی لچک فراہم کریں گے لیکن ایک ہفتہ میں 48 گھنٹے کام کرنے کی حد برقرار رہے گی ۔