حیدرآباد۔/7 فروری، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کی سڑکوں پر ڈبل ڈیکر بسیں واپس آچکی ہیں لیکن اس مرتبہ یہ الیکٹرک کی بسیں ہیں۔ وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی راما راؤ نے چیف سکریٹری شانتی کماری ، رکن پارلیمنٹ چیوڑلہ جی رنجیت ریڈی اور رکن اسمبلی اکبر الدین اویسی کی موجودگی میں 3 الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیس کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ حیدرآباد میں 11 فروری سے فارمولہ ای ریس کے آغاز کے پیش نظر یہ الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں ریس کے علاقوں کے اطراف کا احاطہ کریں گی۔ ٹینک بنڈ، نیکلس روڈ، پیراڈائیز اور نظام کالج روٹ پر یہ بسیں چلائی جائیں گی۔ 11 فروری کے بعد بسوں کو ہیرٹیج اور سیاحتی مقامات کیلئے چلایا جائے گا۔ حیدرآباد کیلئے ڈبل ڈیکر بسیں تاریخی اہمیت کی حامل ہیں اور نظام حیدرآباد نے ڈبل ڈیکر بسوں کا آغاز کیا تھا جو 2003 تک شہر میں چلائی گئیں۔ کے ٹی راما راؤ نے ٹوئٹر پر ایک شہری کی درخواست پر ڈبل ڈیکر بسوں کی واپسی کے اقدامات کی عہدیداروں کو ہدایت دی تھی۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے 6 الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسوں کا آرڈر دیا جن میں سے 3 بسیں جاری کی گئیں جس کا افتتاح عمل میں آیا ہے۔ باقی 3 بسیں توقع ہے کہ جلد آئیں گی۔ ایچ ایم ڈی اے 20 ڈبل ڈیکر بسیس کو متعارف کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ ہر بس کی لاگت 2.16 کروڑ ہے۔ بس میں 65 مسافرین کی گنجائش رہے گی۔ر