صحافی اور جہد کاروں کے ماؤسٹوں سے روابط کا شبہ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ فروری(سیاست نیوز) مرکز کے تحقیقاتی ادارہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے آج حیدرآباد میں مختلف مقامات پر دھاوے کئے۔ حمایت نگر اور ایل بی نگر میں این آئی اے کے دھاوے اور تلاشی کی اطلاعات ملی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ صحافی اور جہد کار ایس وینو گوپال کی قیامگاہ پر صبح کی ابتدائی ساعتوں میں این آئی اے ٹیم نے دھاوا کرکے تلاشی مہم کا آغاز کیا۔ نارائن گوڑہ میں واقع وینو گوپال کے مکان کی تلاشی لی گئی ۔ این آئی اے کی ایک اور ٹیم نے ایل بی نگر میں مکان کی تلاشی لی۔ مقامی پولیس کے تعاون سے تلاشی مہم شام تک جاری رہی۔ بتایا جاتا ہے کہ ماؤسٹ تنظیموں سے روابط کے الزامات پر یہ کارروائی کی جارہی ہے۔ تلگو اخبار کے ایڈیٹر وینو گوپال پر این آئی اے دھاوؤں کے ذریعہ ماؤسٹ تنظیموں سے روابط کی جانچ کر رہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جہد کاروں کی تنظیم ویریسم سے تعلق رکھنے والے وینو اور روی شرما کے مکانات پر بھی این آئی اے نے دھاوا کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق این آئی اے کی ٹیموں نے چینائی میں فلم ڈائرکٹر ایم چندرا کے مکان پر بھی دھاوا کیا اور تلاشی لی۔ دھاوؤں اور تلاشی مہم کے بارے میں این آئی اے کی جانب سے تاحال سرکاری طور پر تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ 1