حیدرآباد میں جی پی ایس ٹریکنگ کے ذریعہ بسوں کی معلومات

   

بس اسٹاپس پر وقت اور دوری کی اطلاع کے لیے ڈیجیٹل بورڈس تنصیب کیے جارہے ہیں
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : آپ جان سکتے ہیں کہ جس بس میں آپ کو سوار ہونے کی ضرورت ہے ۔ وہ بس جہاں آپ کھڑے ہیں اس بس اسٹاپ سے آپ کی بس کتنی دور ہے اور وہ آپ کے بس اسٹاپ کو کب تک پہونچے گی ۔ یہ سب کچھ جی ایچ ایم سی کے نئے تیار کردہ ’ بس انفارمیشن سسٹم ‘ سے ممکن ہوگا ۔ جی ایچ ایم سی کے زیر اہتمام جملہ 10 ہزار کلو میٹر سڑکیں ہیں جن میں 2 ہزار کلو میٹر سڑکوں پر سٹی بسیں دوڑتی ہیں ۔ جی ایچ ایم سی نے ان سڑکوں پر تقریبا 1500 بس اسٹاپس قائم کئے ہیں ۔ آر ٹی سی ان سڑکوں پر تقریبا 3000 سٹی بسیں چلاتی ہے ۔ تقریبا 20 لاکھ لوگ روزانہ سٹی بسوں میں سفر کرتے ہیں ۔ میٹرو ریل اسٹیشنس کے نیچے بھی بس اسٹاپ دستیاب ہیں ۔ جی ایچ ایم سی نے تقریبا 7 سال قبل متعلقہ بس اسٹاپس بنائے تھے ۔ آر ٹی سی اور جی ایچ ایم سی کے درمیان تال میل کے فقدان کی وجہ سے کئی بس اسٹاپس مسافرین کے لیے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کا انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ جدید ڈیزائن کے ساتھ بس اسٹاپ کو بہتر بنانے اور لندن کے طرز پر ہائی ٹیک بس شلٹرس تعمیر کرنے کے کاموں کا آغاز کردیا ہے ۔ بسوں کے لیے بس اسٹاپس پر انتظار کرنے والے مسافرین کے لیے ڈیجیٹل گھڑی جو وقت اور فاصلے جیسی تفصیلات دکھاتی ہے بسوں کا انتظار کرنے والے مسافروں کو وقت اور فاصلے جیسی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل بورڈ نصب کئے جائیں گے ۔ جدید کاری کے حصے کے طور پر حال ہی میں 248 نئے بس اسٹاپس قائم کئے گئے ۔ اس طرح جملہ اسٹاپس کی تعداد 1432 ہے اور 2800 سٹی بسیں چلائی جارہی ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کا کہنا ہے کہ شہر کے تمام بس اسٹاپس پر ڈیجیٹل بورڈ لگانے اور بسوں میں جی پی ایس سے جوڑنے کے لیے آر ٹی سی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات مکمل ہوگئی ہے ۔ یہ پالیسی پی پی پی کے طریقہ کار پر مبنی ہوگی ۔ بتایا گیا ہیکہ ایجنسی کو اشتہارات کے ذریعہ حاصل ہونے والی آمدنی سے وہ ڈیجیٹل بورڈ قائم کریگی اور اس سے بسوں اور بس اسٹاپس کو جوڑنے کا انتظام کریگی ۔ حکام کا کہنا ہے کہ بورڈس کی خریدی اور ان کی دیکھ بھال اور سافٹ ویر تیار کرنے کے تمام اخراجات خانگی شعبہ کو برداشت کرنا ہوگا ۔۔ 2