گِگ ورکرس کی فلاح و بہبود کیلئے جلد قواعد و ضوابط کا اعلان: وزیر لیبر جی۔ وویک
حیدرآباد، 12 نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر لیبر جی۔ وویک نے اعلان کیا ہے کہ لوک سبھا میں قائدِ اپوزیشن راہول گاندھی 14 نومبر کو بھارت سمٹ میں شرکت کے لیے حیدرآباد پہنچ رہے ہیں، اور اس موقع پر گِگ ورکرس کے ساتھ ایک عظیم الشان ریالی منعقد کی جائے گی۔ راہول گاندھی شلپا کلا ویدیکا سے ایچ آئی سی سی (HICC) تک منعقد شدنی اس ریالی میں خود شرکت کریں گے۔ سکریٹریٹ میں تلنگانہ گِگ اینڈ پلیٹ فارم ورکرس یونین کے صدر شیخ صلاح الدین اور دیگر گِگ ورکرس قائدین کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جی۔ وویک نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے گِگ ورکرس کی فلاح و بہبود کے لیے پہلے سے بنائے گئے قانون کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے لیے جلد ہی قواعد و ضوابط کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران گِگ ورکرس کے ساتھ انصاف کرنے کی ہدایت دی تھی۔وزیر لیبر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تقریباً 6 لاکھ گِگ ورکرس خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان کے متعدد مسائل حکومت کے علم میں آئے ہیں۔ حکومت ان تمام مسائل کو حل کرتے ہوئے مزدوروں کو بنیادی سہولیات اور سماجی تحفظ فراہم کرنے کے لیے پْرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ گِگ ورکرس کی رجسٹریشن کے لیے ایک خصوصی ایپ متعارف کرائی جا رہی ہے اور انہوں نے تمام رجسٹرڈ کارکنوں سے 14 نومبر کی اس ریالی میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔2