حیدرآباد میں زبردست ڈرامہ ۔ ثبوتوں سے ڈرگئی حکومت : ہریش راؤ

   

گرفتاری کے ذریعہ حکومت نے بزدلی کا مظاہرہ کیا ۔ وزراء پرفرار اختیار کرنے کا الزام
حیدرآباد : /2 جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس ہیڈ کوارٹر تلنگانہ بھون اور یادگار شہیدان گن پارک نامپلی پر آج اس وقت سیاسی کشیدگی اور ڈرامہ دیکھنے کو ملا ۔ اقامتی تعلیمی اداروں کے ٹنڈرس میں بدعنوانیوں کا ثبوت پیش کرنے کا ہریش راؤ کو چیلنج کرکے یادگار شہیدان کے پاس تین وزراء بیٹھے تھے ۔ جس کو قبول کرکے ہریش راؤ ، آر ایس پروین کمار ، بی آر ایس و دیگر قائدین کے ساتھ ہاتھ میں فائل پکڑکر تلنگانہ بھون سے باہر نکلتے ہی پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ جس پر بی آر ایس قائدین و کارکن پولیس اور چیف منسٹرکے خلاف احتجاجا نعرہ بازی کرتے رہے ۔ پولیس نے امن و امان کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں روک دیا جس کے بعد پولیس و بی آر ایس کارکنوں میںبحث و تکرار شروع ہوگئی ۔ اس دھکم پیل اور ہنگامہ کے دوران ہریش راؤ کار سے اتر کر پیدل آگے بڑھنے لگے ۔ پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی جس سے وہ زمین پر گرگئے ۔ پولیس نے انہیں و دیگر قائدین کو زبردستی گرفتار کرکے منتقل کردیا ۔ ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، اے لکشمن کمار اور محمد اظہرالدین بی آر ایس چیلنج کو قبول کرکے گن پارک پہنچے تھے ۔ دوسری طرف ہریش راؤ اور ان کی ٹیم وہاں جانے لگی تو پولیس نے ناکہ بندی کردی ۔ ہریش راؤ نے گرفتاری سے قبل میڈیا کے سامنے وزرا ء کو فون بھی کیا ۔ لیکن کسی نے کال کا جواب نہیں دیا اس کے بعد بی آر ایس کارکنوں نے تلنگانہ بھون کے باہر حکومت اور چیف منسٹر کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ چیف منسٹر ڈاؤن ڈاؤن کے نعرے لگائے اور پولیس کی گاڑیوں کے پیچھے اپنا قافلہ روانہ کیا ۔ جس سے پولیس کو بار بار راستے بدلنے پڑے ۔ گرفتاری اور پولیس کی مزاحمت پر برہمی کا اظہار کرکے ہریش راؤ نے حکومت کو بزدل قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیلنج کو قبول کرکے بدعنوانیوں کا ثبوت دینے جارہے تھے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ہم نے وزرا ء کو پریس کلب آنے کی دعوت دی تھی لیکن انہوں نے ہمیں خود گن پارک پہنچنے کا چیلنج کیا ۔ ہم نے اس کو قبول کرلیا جب گن پارک جارہے تھے تو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ہریش راؤ نے سوال کیا کہ اگر حکومت شفاف ہے اور وزراء بحث کیلئے موجود ہیں تو پولیس ہمیں کیوں روک رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزراء بحث کیلئے تیار نہیں تھے تو ہمیں چیلنج کیوں کیا ۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت خوفزدہ ہے کیونکہ اقامتی تعلیمی اداروں میں بدعنوانیاں ہوئی ہیں ۔ 2/y