حیدرآباد میں ٹرانسپورٹ سسٹم کو مزید بہتر بنانے حکومت کی مساعی

   


میٹرو ریل دوسرے مرحلہ کے افتتاح کی تیاری ، وزراء سرینواس یادو ، محمد محمود علی ، سبیتا اندرا ریڈی اور دیگر کا دورہ
حیدرآباد۔ یکم ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر افزائش مویشیاں، سمکیات، فروغ ڈیری اور سینیماٹوگرافی تلاسانی سرینواس یادو نے کہا کہ حیدرآباد جو ایک گلوبل سٹی کے طور پر ترقی کر رہا ہے میں پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو مزید بہتر بنانے کے لیے تلنگانہ ریاستی حکومت سخت محنت کر رہی ہے،۔ رواں ماہ کی 9 تاریخ کو چیف منسٹر کلواکونٹلہ چندرا شیکھر راؤ میٹرو ریل منصوبے کا دوسرا مرحلہ کی سنگ بنیاد رکھیں گے اس سلسلے میں وزراء تلاسانی سرینواس یادو، محمود علی اور سبیتا اندرا ریڈی نے میٹرو کے ایم ڈی ،این وی ایس ریڈی کے ہمراہ جمعرات کے روز مائنڈ اسپیس جنکشن، راجندر نگر کے تلنگانہ پولیس گراؤنڈس کا دورہ کیا۔ جہاں سنگ بنیاد رکھا جانا ہے مائنڈ اسپیس جنکشن اور ٹرافک ڈائیوررن کے موضوعات کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا گیا۔ اسی طرح پولیس گراؤنڈ میں جلسہ گاہ کا تعین، جلسہ میں آنے والے لوگوں کی گاڑیوں کی پارکنگ وغیرہ کے مسائل پر عہدیداروں کو کئی ہدایات دی گئیں۔ اس موقع پر وزیر تلاسانی سرینواس یادو نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر 6,250 روپئے کی لاگت سے شروع کئے جانے والے میٹرو ریل پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ وزیر نے کہا کہ یہ ایک عظیم منصوبہ ہے۔ میٹرو ریل پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کے ایک حصے کے طور پر، موجودہ رائے درگم میٹرو اسٹیشن سے او آر آر کے ذریعے شمس آباد ہوائی اڈے تک 31 کلومیٹر کا حصہ تعمیر کیا جائے گا۔ اس ٹرین لائن کی تعمیر میں بائیو ڈائیورسٹی جنکشن، نانک رام گوڑہ ، نارسنگی ، ٹی ایس پولیس اکیڈیمی، راجندر نگر، شمس آباد اور ایرپورٹ کارگو اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں میٹرو ریل خدمات 29 نومبر 2017 کو شہریوں کے لیے دستیاب کرائی گئیں۔ تینوں راہداریوں میں کل 63 کلومیٹر کی لمبائی کے لیے میٹرو ریل خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پروجیکٹ کے آغاز سے لے کر اب تک تقریباً 30 کروڑ لوگوں نے میٹرو ٹرین سے سفر کیا ہے۔ میٹرو ریل خدمات دوسرے مرحلے سمیت کل 94 کلومیٹر تک دستیاب ہوں گی۔ وزراء کے ہمراہ چیوڑہ کے ایم پی رنجیت ریڈی، ایم اے یو ڈی پرنسپل سکریٹری اروند کمار، ایم ایل اے پرکاش گوڈ، آریکے پوڈی گاندھی، کالے یادیا، کلکٹر امئے کمار، سائبرآباد پولس کمشنر اسٹیفن رویندر اور دیگر موجود تھے۔