حیدرآباد کو تلگو ریاستوں کا مشترکہ دارالحکومت برقرار رکھا جائے

   

وائی ایس آر کانگریس کا نیا شوشہ، بی آر ایس اور بی جے پی نے مخالف کی
حیدرآباد۔/14 فروری، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں برسراقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر وائی وی سبا ریڈی نے یہ کہتے ہوئے ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا کہ حیدرآباد کو مزید چند برسوں تک دونوں ریاستوں کے مشترکہ دارالحکومت کے طور پر توسیع دینے کیلئے مرکز پر دباؤ بنایا جائے گا۔ وائی وی سبا ریڈی چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی سے کافی قریب ہیں اور پارٹی نے انہیں راجیہ سبھا کا امیدوار بھی بنایا ہے ۔ واضح رہے کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون 2014 کے تحت حیدرآباد کو تلگو ریاستوں کا مشترکہ دارالحکومت قرار دیا گیا تھا اور جاریہ سال جون میں دس سال مکمل ہوجائیں گے۔ وائی وی سبا ریڈی کی تجویز کی آندھرا پردیش کے وزراء اے رام بابو اور پی رامچندرا ریڈی نے تائید کی ہے۔ سبا ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ کے بعد اس مطالبہ کو پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو کم از کم آندھرا پردیش کا دارالحکومت وشاکھاپٹنم منتقل کرنے تک حیدرآباد کو مشترکہ دارالحکومت کے طور پررکھنا چاہیئے۔ سبا ریڈی نے کہا کہ سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے عارضی دارالحکومت کے نام پر کافی وقت ضائع کیا ہے۔ جگن موہن ریڈی دارالحکومت وشاکھاپٹنم میں قائم کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آندھرا پردیش کے کئی سرکاری ملازمین ابھی بھی حیدرآباد میں ہیں۔ اسی دوران بی آر ایس بی جے پی قائدین نے اس تجویز کی سختی سے مخالفت کی ہے۔ سابق رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار نے کہا کہ تین دارالحکومتوں کے بعد جگن چوتھے دارالحکومت کی تیاری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام سرکاری دفاتر اور ہائی کورٹ بھی دونوں ریاستوں میں تقسیم کردئیے گئے ہیں ۔ بی جے پی لیڈر ایٹالہ راجندر نے اس تجویز کو کے سی آر اور جگن موہن ریڈی کی مشترکہ سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10 برسوں میں حیدرآباد کو کبھی بھی مشترکہ دارالحکومت کے طور پر باقاعدہ عمل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ میں کے سی آر کو فائدہ پہنچانے کیلئے وائی ایس آر کانگریس نے نیا تنازعہ چھیڑا ہے۔1
نیٹ کا آن لائن رجسٹریشن جاری
حیدرآباد ۔ 14 ۔ فروری : ( راست ) : این ٹی اے ، نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی نے قومی سطح کے میڈیکل انٹرنس نیٹ کے لیے 9 فروری سے آن لائن فارم ادخال کا آغاز کردیا ہے رجسٹریشن جاری ہے ۔ یہ امتحان ملک بھر میں 5 مئی کو ہوگا ۔ اس کے ذریعہ یم بی بی ایس ، بی ڈی ایس ، نرسنگ اور ایوش کورسز میں داخلے ہونگے ۔ اس کی معلومات اور رہنمائی کیلئے محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست عابڈس پر ربط کریں ۔۔