حیدرآباد کو ناگہانی حالات سے بچانے کیلئے جھیلوں اور تالابوں کے تحفظ پر توجہ

   

موسیٰ ندی کا تحفظ وقت کی اہم ضرورت، غیر مجاز قابضین حیڈرا سے خوفزدہ، حیڈرا پولیس اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
اولڈ سٹی دراصل اوریجنل سٹی ہے، موسیٰ ندی کی تعمیر نظام حیدرآباد کا کارنامہ،گچی باؤلی اراضی کے تحفظ میں رکاوٹیں
حیدرآباد ۔ 8۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ملک میں بعض میٹرو پولیٹن شہروں میں صورتحال اس قدر ابتر ہے کہ انسانوں کا جینا دوبھر ہوچکا ہے۔ حیدرآباد کو اس طرح کی صورتحال سے بچانے کیلئے حکومت نے حیڈرا کا قیام عمل میں لایا ہے تاکہ جھیلوں اور تالابوں کا تحفظ کرتے ہوئے آلودگی اور آفات سماوی سے شہر کی حفاظت کی جائے۔ چیف منسٹر نے آج سکندرآباد کے بدھا بھون میں حیڈرا پولیس اسٹیشن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میئر حیدرآباد وجئے لکشمی ، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو ، رکن قانون ساز کونسل ادنکی دیاکر ، ہوم سکریٹری روی گپتا اور کمشنر حیڈرا رنگا ناتھ اور دوسرے موجود تھے۔ چیف منسٹر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنگلور میں گزشتہ سال موسم گرما میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی تھی۔ ممبئی اور چینائی جیسے شہروں میں بارش کی صورت میں دو تا تین منزلہ عمارتیں غرقاب ہوگئیں۔ ملک کی دارالحکومت دہلی میں آلودگی میں اضافہ کے سبب انسانوں کا جینا دوبھر ہوچکا ہے۔ اس طرح کی صورتحال سے سبق حاصل کرتے ہوئے حکومت نے حیدرآباد کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں جھیلوں اور تالابوں کے تحفظ کے لئے حیڈرا کا قیام عمل میں آیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت نے تنقیدوں کی پرواہ کئے بغیر غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہمارے آباء و اجداد نے جو جھیل اور تالاب فراہم کئے ہیں، ان کا تحفظ کیا جانا چاہئے ۔ جھیلوں اور تالابوں میں تحفظ سے عوام کی بھلائی مضمر ہے۔ 450 سالہ عظیم تاریخ رکھنے والے شہر حیدرآباد کو بچانے کیلئے حیڈرا مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بہتر نظم و نسق کی فراہمی کیلئے دستور میں 76 برسوں میں 100 سے زائد مرتبہ ترمیم کی گئی۔ شہر کی ترقی کیلئے سابق چیف منسٹرس نے کئی قانون بنائے تھے۔ 1908 ء میں حیدرآباد کی طغیانی کے وقت اس وقت کے نظام حیدرآباد نے کئی قدم اٹھائے ۔ طغیانی کی صورتحال دیکھ کر نظام کی آنکھوں میں آنسو آگئے ۔ حیدرآباد کو مستقبل میں اس طرح کی صورتحال سے بچانے کیلئے اس وقت کے عظیم انجنیئر وشویشوریا کو طلب کرتے ہوئے نظام نے موسیٰ ندی کا ڈیزائین تیار کیا تھا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پرانے شہر کے ساتھ ہی ایک پسماندہ علاقہ کا تصور ابھرتا ہے ۔ حکومت نے اولڈ سٹی کو اوریجنل سٹی تصور کرتے ہوئے شہر کو ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے حیڈرا کے قیام کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ حیڈرا کا مطلب مکانات کو منہدم کرنا نہیں ہے جس طرح کے بعض گوشے پروپگنڈہ کر رہے ہیں۔ حیڈرا کا مطلب سرکاری اور عوامی جائیدادوں کا تحفظ کرنا ہے۔ معمولی بارش کی صورت میں شہر میں کالونیاں زیر آب آرہی ہیں۔ غریبوں کی کالونیوں کو جانے والے راستوں پر بڑے لوگوں نے غیر مجاز قبضہ کرلیا ہے۔ غیر مجاز قبضہ کے تحت موجود جھیلوں ، تالابوں ، نالوں اور کالونی کی اراضیات کا حیڈرا تحفظ کرے گا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بارش کی صورت میں سڑکوں پر گرنے والے درختوں کو حیڈرا چند منٹ میں نکال دے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جھیلوں اور تالابوں کے اطراف بعض افراد نے فارم ہاؤز اور گیسٹ ہاؤز تعمیر کرلئے ہیں جس کے نتیجہ میں بارش کا پانی آبادیوں میں داخل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھیلوں اور تالابوں پر ناجائز قبضہ کرنے والوں کیلئے حیڈرا ایک خوف بن چکا ہے۔ بارش کا پانی گزرنے والے نالوں پر مکانات اور اپارٹمنٹس تعمیر کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی کے قریب شب بسری کرنے پر وہاں کی مشکلات کا قائدین کو اندازہ ہوگا۔ چیف منسٹر نے موسیٰ ندی کے احیاء سے متعلق حکومت کے پراجکٹ کا حوالہ دیا اور کہا کہ موسیٰ ندی کا تحفظ کرنے کیلئے حکومت نے منصوبہ بندی کی ہے۔ بی جے پی حکومت نے گنگا اور یمنا ندی کا تحفظ کیا ہے ۔ بی جے پی اگر ندیوں کا تحفظ کرے تو درست اور اگر ہم کریں تو کیا ، یہ غلط ہے ؟ مودی اور یوگی کریں تو کارنامہ ، اگر تلنگانہ عوام کریں تو گناہ ؟ انہوں نے کہا کہ بعض گوشوں کی جانب سے یہ غلط فہمی پھیلائی جارہی ہے کہ موسیٰ ندی کے ناجائز قبضے ختم کرنے سے رئیل اسٹیٹ کاروبار ختم ہوجائے گا ۔ کنچا گچی باؤلی اراضی کی ترقی کے اقدامات کی مخالفت کی جارہی ہے۔ آئی ایم جی بھارتا نامی ادارے کے قبضہ میں موجود 400 ایکر اراضی کا ہم نے تحفظ کیا ۔ 400 ایکر اراضی خانگی ادارہ کے قبضہ میں موجود تھیں لیکن سابق حکومت نے اراضی کے تحفظ پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ اراضی پر مختلف صنعتوں کے قیام کے ذریعہ ایک لاکھ افراد کو روزگار فراہم کیا جاسکتا ہے ۔ شہر کی ترقی کے علاوہ نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی کوششوں کی مخالفت کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیڈرا پولیس اسٹیشن کو عصری سہولتیں فراہم کی گئیں ۔ ایک اسسٹنٹ کمشنر پولیس کے علاوہ 6 انسپکٹر ، 12 سب انسپکٹرس اور 30 کانسٹبلس الاٹ کئے گئے ہیں۔ حیڈرا کیلئے حکومت نے 70 گاڑیاں الاٹ کی ہیں۔1