حیدرآباد7 دسمبر(سیاست نیوز)حیدرآباد کے شہریوں کو چہارشنبہ کی صبح آسمان پر حیرت انگیز منظر دکھائی دیا جہاں ایک عجیب شئے نظرآرہی تھی۔ کئی افراد نے اس کو تعجب سے دیکھ کر اسے سیارہ، تارہ یا آسمانی شئے وغیرہ سمجھا، تاہم کچھ ہی دیر بعد پلینٹری سوسائٹی آف انڈیا کے ڈائرکٹر رگھونندن نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ نیشنل بیلون فیسلٹی کی جانب سے بھیجاگیا ریسرچ بیلون یعنی غبارہ ہے ۔ کئی افراد،ایک دوسرے سے آسمان پر نظرآنے والی سفید رنگ کی شئے کے بارے میں پوچھتے رہے ۔ یہ شئے ، آج صبح تقریبا 7.30بجے نظرآئی تاہم رگھونندن نے کہا کہ یہ دراصل ہیلیم کا بیلون ہے ۔ بنیادی طورپراس کو ماحولیاتی تجزیہ کیلئے بھیجاگیا تھا۔ اس کے اندرتقریبا ایک ہزارکلو کاوزنی آلہ تھا۔گذشتہ ماہ ہی اس کوچھوڑنے کی نوٹس جاری کی گئی تھی۔اس طرح کے غبارے سے مختلف اونچائیوں پر دباؤ، درجہ حرارت، رطوبت اور ہوائی رفتارکی تبدیلی کے بارے میں معلومات حاصل ہوتی ہیں۔اطلاعات کے مطابق آسامان میں نظر آنے والی عجیب و غریب شئے وقار آباد ضلع کے مرپلی منڈل کے کھیت میں گر گئی۔ یہ اطلاع عام ہوتے ہی مقامی افراد کی کثیر تعداد وہاں جمع ہوگئی اور اس کا نظارہ کرنے لگی۔ اسی دوران پولیس اور عہدیدار بھی وہاں پہنچ گئے اور کسانوں اور عوام سے کہا کہ وہ خوفزدہ نہ ہوں۔ بعد ازاں اس دائرہ نما وزنی اور وسیع شئے میں موجود سائنسی اشیاء اور کیمروں کو عہدیداروں نے اپنی تحویل میں لے کر بحفاظت گاڑیوں کے ذریعہ منتقل کیا۔