خفیہ معلومات کی فراہمی پر بھاری رقم کی پیشکش

   

اسرو کے سائنسداں کا دبئی کے ایک شخص پر سنسنی خیز الزام
ترواننت پورم: ہندوستان کے پہلے انسان بردار مشن گگنیان پر کام کرنے والے ایک سائنسدان نے الزام لگایا ہے کہ دبئی سے جڑے ایک شخص نے ان سے رابطہ کیا اور اسرو سے خفیہ معلومات کے بدلے انہیں بھاری رقم کی پیشکش کی۔اسرو کے وکرم سارابھائی اسپیس سینٹر کے راکٹ سائنسدان پروین موریہ نے یہ چونکا دینے والا الزام لگانے کے ساتھ ساتھ یہ بھی الزام لگایا کہ جاسوسی کے لئے کیرالہ پولیس کے تعاون سے جاسوسوں نے ان سے رابطہ کیا تھا۔سینئر سائنسدان نے اپنے ٹویٹر ہینڈل سے ٹویٹ کیا اور کہا، ‘‘مجھ سے جاسوسی کے لئے جاسوسوں کے ذریعہ رابطہ کیاگیاہے ۔ یہ کیرالہ پولیس کے ساتھ ملی بھگت سے کیا گیاتھا۔ اسرو کے چیئرمین سے لے کر وزیر اعظم تک کوکئی خط لکھے لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ انٹلی جنس جانچ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کے مقصد سے منشیات کی اسمگلنگ کے سلسلے میں مقامی پولیس کی جانب سے ہراسانی کا سامنا ہے ۔ سائنسدان نے ٹویٹ کیاکہ کیرالہ پولیس کو میرے ساتھ منشیات کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ انصاف کی ضرورت ہے ! انہوں نے لنکڈ ان پر شیئر کیے گئے خط کی کاپی کا لنک بھی شیئر کیا، جسے انہوں نے اعلیٰ حکام کو بھیجا ہے ۔