خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی جنوبی ریاستوں میں بارش کا امکان

   

حیدرآباد15۔ڈسمبر(سیاست نیوز) خلیج بنگال اور بحرۂ ہند میں شدید ہوا کے دباؤ میں کمی کا سلسلہ بڑھتا جا رہاہے اور 19 ڈسمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی سے پیدا طوفان کا رخ سری لنکا کی سمت بڑھتا جا رہاہے اور امکان ہے کہ 19 ڈسمبر کو یہ پوری آب و تاب پر ہوگا جس کا اثرجنوبی ریاستوں میں ہوسکتا ہے ۔ تلنگانہ میں بھی آئندہ چند یوم مطلع ابر آلود ہوگا اور بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ یہ طوفان لکشدیپ کی سمت بڑھ سکتا ہے لیکن اس میں وہ شدت نہیں ہوگی بلکہ 19 ڈسمبر کو اس میں شدت کا امکان ہے۔خلیج بنگال ‘ بحرۂ عرب اور بحرۂ ہند میں موجوں اور طوفان کے سبب 16 تا 23ڈسمبر کرناٹک‘ کیرالہ ‘ تلنگانہ ‘ آندھرا پردیش‘ ٹاملناڈ و مہاراشٹرا میں بوندا باندی اور بارش کا امکان ہے ۔ اگر طوفان کمزور پڑتا ہے تو زیادہ نقصانات نہیں ہوں گے۔ طوفان مینڈوس کمزور پڑنے کے بعد خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی تشویش کا باعث ہے۔