ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کے آن لائن ڈگری و پی جی کورسیس کا آغاز، 15 اکٹوبر داخلوںکی آخری تاریخ
حیدرآباد ۔ 26 ستمبر (سیاست نیوز) روزگار، مالی حالات یا دیگر مجبوریوں کی بناء پر تعلیم کو درمیان میں چھوڑ کر خلیجی اور دیگر ممالک میں آباد ہونے والے تلنگانہ اور دیگر علاقوں کے باشندوں کیلئے اعلیٰ تعلیم مکمل کرنے کا ایک اور موقع سامنے آیا ہے۔ حیدرآباد کی ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی (BRAOU) حیدرآباد نے تعلیمی سال 2026-27ء سے مکمل آن لائن ڈگری اور پی جی کورسیس کا آغاز کردیا ہے۔ ایک اندازہ کے مطابق صرف خلیجی ممالک میں ریاست تلنگانہ کے تقریباً 15 لاکھ سے زائد افراد مختلف شعبوں سے وابستہ ہیں۔ ان میں سے کئی لوگ کم از کم تعلیمی قابلیت دسویں یا انٹر رکھنے کے باوجود اعلیٰ ڈگری نہ ہونے کے باعث بہتر عہدوں یا معقول تنخواہوں سے محروم ہیں۔ حالیہ دنوں میں خلیجی کمپنیوں نے بھی ڈگری ہولڈرس کو ترجیح دینا اور انہیں بہتر تنخواہوں کی پیشکش کرنا شروع کردیا ہے۔ پہلے ڈگری یا پی جی کی تعلیم مکمل کرنے کیلئے طلبہ کو ہندوستان آنا پڑتا تھا جہاں مطالعاتی مراکز میں حاضری، سفری اخراجات اور ملازمت سے چھٹیاں لینا ان کیلئے ایک بڑا معاشی بوجھ بن جاتا تھا۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (UGC) نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کو جاریہ تعلیمی سال سے چند کورسیس کو آن لائن موڈ میں پیش کرنے کی اجازت دی ہے جس کے تحت امیدوار اپنے مقیم ملک سے تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں۔ بی کام تلگو اور انگریزی میڈیم، ایم اے تلگو میڈیم، ایم کام، ایم بی اے انگریزی میڈیم آن لائن ڈگری اور پی جی کورسیس میں داخلہ حاصل کرنے کی آخری تاریخ 15 اکٹوبر مقرر کی گئی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے خواہشمند امیدواروں اور خلیجی ممالک میں مقیم تارکین وطن سے اپیل کی ہیکہ وہ مزید تفصیلات اور رہنمائی کیلئے ان فون نمبرات 040-23680333 ۔ ٹول فری نمبر 1800-599011 پر ربط کریں۔H/M/2