نیروبی : کینیا میں خواتین کے شطرنج کے ٹورنمنٹ میں حصہ لینے کے لیے 25 سالہ نوجوان نے برقع اور چشمہ پہن کر اپنا روپ تبدیل کرلیا۔ رپورٹس کے مطابق نوجوان نے لڑکی کا روپ دھار کر اور لڑکی کے نام سے ہی ٹورنمنٹ میں اپنی رجسٹریشن کرائی تاہم ٹورنمنٹ کے عملے کو اس کی کامیابی پر شک ہوا جس کے بعد اسے پکڑ لیا گیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹورنمنٹ کے منتظمین نے ابتدائی طور پر مداخلت سے ہچکچاتے ہوئے چوتھے راؤنڈ کے بعد تحقیقات کا فیصلہ کیا۔ رپورٹس کے مطابق چوتھے راؤنڈ کے بعد کھلاڑی کو ایک کمرے میں لے جایا گیا اور شناخت کے لیے کہا گیا جس پر اس نے حقیقت بتا دی کہ وہ یونیورسٹی کا طالب علم ہے اور مالی پریشانی کا شکار ہے۔ ملزم نے دھوکہ دہی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ایسا مالی پریشانی کے باعث کیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق حقیقت سامنے آنے کے بعد کھلاڑی کو ٹورنمنٹ سے نکال دیا گیا اور اس کے پوائنٹس اس کے حریفوں کو دے دیے گئے۔