داؤد کا قریبی ساتھی اختر مرچنٹ دہلی ایئرپورٹ سے گرفتار

   

نئی دہلی۔ 17 اگست (ایجنسیز) انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے مبینہ قریبی ساتھی اختر مرچنٹ کو دہلی ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اختر مرچنٹ 2023 میں میرا روڈ کے کاشمیرا علاقے میں بیکری پر فائرنگ اور مبینہ بھتہ خوری کے معاملے میں مطلوب تھا اور طویل عرصے سے پولیس کو چکمہ دے رہا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق میرا-بھائیندر، وسائی-ویرار پولیس کی کرائم برانچ کو انٹرپول کے ذریعے اطلاع ملی تھی کہ اختر مرچنٹ بیرون ملک سے بھارت واپس آنے والا ہے۔ اطلاع ملنے کے بعد دہلی ایئرپورٹ پر اس کی نگرانی کی گئی اور بھارت پہنچتے ہی اسے حراست میں لے لیا گیا۔حکام کے مطابق گرفتاری کے بعد اختر مرچنٹ کو میرا-بھائیندر لایا جائے گا، جہاں اس سے 2023 میں درج بیکری فائرنگ اور بھتہ خوری کے مقدمے سے متعلق پوچھ گچھ کی جائے گی۔ پولیس اس معاملے میں اس کے مبینہ کردار، دیگر افراد سے رابطوں اور فائرنگ کے واقعے کے پس منظر کی بھی جانچ کرے گی۔یہ معاملہ 2023 میں اس وقت سامنے آیا تھا جب کاشمیرا علاقے میں واقع ایک بیکری پر فائرنگ کی گئی۔ پولیس کے مطابق بیکری سے وابستہ شخص سے مبینہ طور پر بھتہ طلب کیا گیا تھا اور رقم دینے سے انکار کے بعد بیکری کو نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کے سلسلے میں کاشمیرا پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر نمبر 700/2023 درج کی گئی تھی۔پولیس نے مقدمے میں قتل کی کوشش، بھتہ خوری اور مجرمانہ سازش سمیت مختلف دفعات عائد کی ہیں۔ اس کے علاوہ آرمس ایکٹ اور مکوکا کے تحت بھی کارروائی کی گئی ہے۔